بھارت میں ووٹر فہرستوں سے نام خارج ہونے کے بعد مسلمانوں کو گرفتاری، حراست اور ملک بدری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی شہریت بھی سوالیہ نشان بنا دی گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کے دوران خارج کیے گئے ناموں میں مسلمانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ بعض افراد کو غیر قانونی تارکین وطن قرار دے کر حراست میں لیا گیا اور ملک بدر بھی کیا گیا، حالاں کہ ان کے پاس بھارتی شناختی اور خاندانی دستاویزات موجود تھیں۔
رپورٹ میں ممبئی کی 38 سالہ شہری شاہدہ فقیر کا معاملہ بھی سامنے لایا گیا ہے، جو 19 جولائی کو سبزی خریدنے کے لیے گھر سے نکلی تھیں، لیکن تین ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اپنے شوہر اور دو بیٹوں کے پاس واپس نہیں پہنچ سکیں۔
شاہدہ فقیر کے مطابق سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے انہیں حراست میں لیا، ان کا موبائل فون قبضے میں لے لیا اور بعد ازاں زبردستی بنگلہ دیش پہنچا دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ موبائل فون میں شناختی دستاویزات کی نقول بھی محفوظ تھیں۔

رائٹرز نے 10 خاندانوں سے بات کی، جن کے رشتہ داروں کو ووٹر فہرستوں سے نام خارج ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا، ملک بدر کیا گیا یا شہریت کے حوالے سے پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑا۔ ان افراد کے پاس بھارتی شناختی یا خاندانی دستاویزات موجود تھیں، جب کہ ان کے والدین اور بہن بھائیوں کے نام ووٹر فہرستوں میں برقرار تھے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کی کارروائی کو غیر قانونی تارکین وطن کی شناخت اور ملک بدری کی مہم سے جوڑ دیا گیا ہے، حالاں کہ ووٹر فہرست سے نام خارج ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ متعلقہ شخص غیر ملکی ہے۔
بھارت بھر میں ووٹر فہرستوں سے مجموعی طور پر 13 کروڑ نام خارج کیے گئے، جو ملکی تاریخ میں ووٹرز کے ناموں کی سب سے بڑی کٹوتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس کارروائی سے بھارت کی سب سے بڑی اقلیتی آبادی مسلمانوں کے نام غیر متناسب طور پر زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں کو امتیازی پالیسیوں اور بڑھتے ہوئے تعصب کا سامنا ہے۔ تاہم بی جے پی ان الزامات کی تردید کرتی ہے کہ ووٹر فہرستوں سے جائز شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مغربی بنگال میں ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کے دوران تقریباً 90 لاکھ نام خارج کیے گئے۔ کولکتہ کے ادارے صابر انسٹی ٹیوٹ کے مطابق مزید تفصیلی جانچ کے بعد خارج کیے گئے 27 لاکھ ناموں میں سے تقریباً 70 فیصد مسلمانوں کے تھے، حالاں کہ ریاست کی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب 27 فیصد ہے۔
اسی دوران بی جے پی نے مغربی بنگال کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے پہلی مرتبہ ریاست میں حکومت قائم کی۔
صابر انسٹی ٹیوٹ کے بانی صابر احمد کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف رجحان اپنی جگہ موجود تھا، تاہم ووٹر فہرستوں سے ناموں کے اخراج نے بھی انتخابی نتائج پر نمایاں اثر ڈالا۔
ووٹر فہرستوں سے نام خارج کرنے اور ملک بدری کی مہم
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 5 نومبر کو ریاست ہریانہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دونوں کارروائیوں کو ایک دوسرے سے جوڑا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کا عزم ہے کہ غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہونے والوں کی نشاندہی کی جائے، ان کے نام ووٹر فہرستوں سے خارج کیے جائیں اور پھر انہیں ایک ایک کرکے ملک سے نکالا جائے۔
مغربی بنگال میں اس کارروائی کا خاص طور پر بنگالی زبان بولنے والے مسلمانوں پر اثر پڑا ہے۔ اس ریاست میں شہریت اور نقل مکانی کا معاملہ تاریخی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ 1947 میں تقسیم ہند کے وقت برطانوی حکومت کی جانب سے کھینچی گئی سرحد نے بنگال کو دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا۔ اس دوران اور 1971 میں بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کے موقع پر لاکھوں افراد نے سرحد عبور کی، جس کے نتیجے میں کئی خاندان دونوں جانب آباد ہوگئے۔
شہریت کے معاملے پر عدالتی جنگ
شاہدہ فقیر کے مطابق انہیں رات ایک بجے سرحد کے ایک ایسے حصے سے بنگلہ دیش میں دھکیلا گیا جہاں باڑ موجود نہیں تھی اور کوئی اہلکار تعینات نہیں تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کئی گھنٹے کیچڑ میں پیدل چلتی رہیں، یہاں تک کہ ایک کسان نے انہیں روتے ہوئے دیکھا اور اپنے پاس پناہ دی۔

ممبئی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ شاہدہ کو آسام کی سرحد پر بارڈر سیکیورٹی فورس کے حوالے کیا گیا تھا، جس کے بعد متعلقہ حکام کے ذریعے انہیں بنگلہ دیش بھیج دیا گیا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 149 افراد کو بنگلہ دیشی شہری قرار دے کر ملک بدر کیا گیا تھا۔
شاہدہ فقیر کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ انہیں بنگلہ دیش بھیج دیا جائے گا، کیونکہ ان کا گھر، آباؤ اجداد اور پورا خاندانی پس منظر بھارت سے جڑا ہوا ہے۔
ان کے شوہر جمعن اب عدالت میں ان کی شہریت کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ اگست میں سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ صرف ووٹر فہرست سے نام خارج ہونے کی بنیاد پر کسی کی شہریت کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا اور کسی غیر مصدقہ سرکاری دعوے کی بنیاد پر کسی شہری کو ملک سے بے دخل نہیں کیا جا سکتا۔
رائٹرز کے جائزہ لیے گئے خاندانی ریکارڈ کے مطابق شاہدہ کے والدین اور دادا دادی کے نام 1952 کے پہلے بھارتی عام انتخابات سے ہی مغربی بنگال کے علاقے سروپ نگر کی ووٹر فہرستوں میں شامل تھے۔ ان کے نام 2002-03 کی ووٹر فہرستوں میں بھی موجود تھے۔ حالیہ نظرثانی میں اس مدت کی فہرستوں کو اس بات کے تعین کے لیے اہم بنیاد بنایا گیا کہ کن افراد کو اضافی دستاویزات جمع کرائے بغیر ووٹر فہرست میں برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
شاہدہ کا نام بھی کم از کم 2008 سے مغربی بنگال کی ووٹر فہرستوں میں شامل رہا ہے۔
تاہم ممبئی کے فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس نے کلکتہ ہائی کورٹ کو بتایا کہ شاہدہ نے پوچھ گچھ کے دوران بنگلہ دیش کا پیدائشی سرٹیفکیٹ پیش کیا اور بھارتی شہریت ثابت کرنے کے لیے قابل اعتماد دستاویزات فراہم نہیں کرسکیں۔

شاہدہ نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے ان کا موبائل فون قبضے میں لے لیا تھا اور انہیں اس میں محفوظ دستاویزات دکھانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ بھارتی قانون کے تحت شہریوں کے لیے ہر وقت اپنے پاس شناختی دستاویزات رکھنا لازمی نہیں ہے۔
صرف ووٹر فہرست میں نام نہ ہونے پر بنگلہ دیشی قرار دے دیا
کلکتہ ہائی کورٹ میں دائر ایک اور درخواست میں برتن فروخت کرنے والے ناصرالدین شیخ اور چار دیگر افراد نے مؤقف اختیار کیا کہ ووٹر فہرستوں سے نام خارج ہونے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا، حالاں کہ اس فیصلے کے خلاف ان کی اپیلیں خصوصی ٹریبونلز میں زیر سماعت تھیں۔
ناصرالدین شیخ کے مطابق وہ اپنے گھر سے سیکڑوں کلومیٹر دور ریاست چھتیس گڑھ میں کام کر رہے تھے کہ پولیس نے انہیں اور 22 دیگر افراد کو حراست میں لے لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 19 افراد کو 14 روز بعد اس وقت رہا کردیا گیا جب حکام کو نظرثانی شدہ ووٹر فہرستوں میں ان کے نام مل گئے، تاہم شیخ سمیت چار افراد کو 32 روز تک حراست میں رکھا گیا۔
شیخ نے بتایا کہ ایک پولیس اہلکار نے ان سے کہا کہ ووٹر فہرست میں تمہارا نام نہیں، اس لیے تم بنگلہ دیشی ہو۔

ان کے مطابق عدالتی سماعت سے ایک رات پہلے انہیں دیگر افراد کے ساتھ رہا کردیا گیا۔ حراستی مرکز میں 60 سے زائد افراد کے لیے بستر موجود تھے، جہاں قیدیوں کے طبی معائنے اور بائیومیٹرک اندراج کے بعد انہیں بند کردیا جاتا تھا۔
شیخ کا کہنا تھا کہ وہ ہر لحاظ سے جیل تھی اور انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔
دوسری جانب پولیس اور ریاستی وکلا نے کلکتہ ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ مغربی بنگال میں مستقل حراستی مراکز موجود نہیں ہیں۔
رائٹرز کے صحافیوں نے مرشد آباد میں مشتبہ غیر ملکی تارکین وطن کے لیے قائم ایک عارضی مرکز کا دورہ بھی کیا، جہاں عمارت کے اندر کپڑے لٹکے ہوئے تھے اور لوگ کھڑکیوں سے باہر دیکھ رہے تھے۔ مرکز کے اندر ایک ایمبولینس اور پولیس کی بند بس بھی موجود تھی، جب کہ عمارت کے اطراف سخت پہرہ تھا۔
انسانی حقوق کے کارکن کریتی رائے کا کہنا ہے کہ ووٹر فہرستوں سے نام خارج کیے جانے کے خلاف لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں اور متاثرہ افراد انصاف کے منتظر ہیں، تاہم ٹریبونلز میں کارروائی سست روی کا شکار ہے۔