
مشرق وسطیٰ سے آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل بحال ہونے اور امریکی اقدامات کے نتیجے میں رسد بڑھنے کی توقعات کے پیش نظر پیر کے روز عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں اداے ’رائٹرز‘ کے مطابق، بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کے نرخ 47 سینٹ یا 0.49 فیصد کمی کے ساتھ 95.37 ڈالر فی بیرل ہو گئے ہیں، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یعنی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 23 سینٹ یا 0.26 فیصد کمی کے بعد 88.33 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران بھی اس جنگی صورتحال کے تناظر میں بین الاقوامی معیاری خام تیل کے نرخوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی، جس میں برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی بالترتیب 16 فیصد اور 13 فیصد تک گر گئے تھے۔
مارکیٹ مبصرین کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ کو اب نو ماہ مکمل ہو چکے ہیں اور موجودہ مندی اس بات کا عکاس ہے کہ سرمایہ کار جغرافیائی سیاسی خطرات میں کمی کے آثار کا جائزہ لے رہے ہیں۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بحری جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود مشرق وسطیٰ سے برآمدات میں عالمی طلب کے مقابلے میں تیزی سے بحالی آ رہی ہے، جس کے باعث رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں عالمی تیل مارکیٹ دوبارہ سرپلس یعنی زائد رسد کی طرف لوٹ آئے گی۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرار کا کہنا ہے کہ ایران امریکا تنازع شروع ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ تاجر مستقل قلت کے بجائے اضافی رسد کے امکان پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، اور سوچ کا یہ بدلاؤ مارکیٹ کے مجموعی رجحان کو نرم کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چوتھی سہ ماہی میں تیل کی عالمی رسد اوسطاً 105 ملین بیرل یومیہ رہے گی، جو کہ متوقع طلب کے مقابلے میں 17 لاکھ بیرل یومیہ زیادہ ہوگی۔
اس سے قبل آئی ای اے نے چوتھی سہ ماہی میں تیل کی کمی کا تخمینہ لگایا تھا، تاہم اب صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔
ایجنسی نے مارچ میں رکن ممالک کے ہنگامی ذخائر سے تیل کے ریکارڈ اجرا کے حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ فروری کے آخر تک 71 ملین بیرل تیل دستیاب کرایا جائے گا، جس میں مارکیٹ کی تنگی کو دور کرنے کے لیے 15 ملین بیرل ڈیزل بھی شامل ہوگا۔
قیمتوں پر دباؤ کی ایک اور بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شپنگ کے قانون میں دی گئی چھوٹ میں 90 دن کی توسیع کا فیصلہ ہے، جس کے تحت غیر ملکی پرچم بردار جہازوں کو امریکی بندرگاہوں کے درمیان تیل، گیسولین اور ڈیزل کی نقل و حمل میں آسانی رہے گی۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے جمعہ کو بتایا تھا کہ جونز ایکٹ کی چھوٹ میں توسیع سے امریکی بندرگاہوں کے درمیان اشیا لے جانے والے ٹینکروں کی دستیابی میں اضافہ ہوا ہے، جس سے مقامی مارکیٹ میں ایندھن کی روانی بہتر ہوئی ہے۔
تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ رسد کے حالات کچھ نرم ہوئے ہیں، لیکن جہاز رانی کے اخراجات یا فریٹ ریٹس تاحال بلند سطح پر برقرار ہیں، جس کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں مزید بڑی گراوٹ رکھی ہوئی ہے۔
بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے خام تیل لے جاتے ہوئے درپیش خطرات اور جہازوں کے کلسٹر میں پھنس جانے کے باعث فریٹ ریٹس بلند ہیں۔