
یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حامی اور سعودی حمایت یافتہ فورسز نے بحیرہ احمر کے جنوبی سرے پر واقع انتہائی اہم تجارتی اور تزویراتی گزرگاہ آبنائے باب المندب اور ذباب ایئرپورٹ سے انخلا کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد اس کلیدی علاقے کا کنٹرول ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروہ کے پاس چلا گیا ہے۔
فورسز کے مطابق فوجی دستوں کی یہ دوبارہ تعیناتی عبوری دارالحکومت عدن اور اس سے ملحقہ صوبوں کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے کی جا رہی ہے، جسے اس وقت اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جنوبی مسلح افواج کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے علاقے سے دستوں کو واپس بلانے کا فیصلہ محاذوں کو مضبوط کرنے اور درپیش خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
اس پیش رفت سے تقریباً چھ ہفتے قبل شروع کی گئی وہ فوجی کارروائی اختتام پذیر ہو گئی ہے جس کا مقصد ساحلی علاقوں کو حوثیوں سے واپس لینا تھا۔
دوسری جانب حوثیوں کے زیر انتظام میڈیا نے اتوار کی شب علاقے کا کنٹرول سنبھالنے کی تصدیق کرتے ہوئے اس حوالے سے ویڈیو بھی جاری کر دی ہے، تاہم سعودی عرب کی جانب سے تاحال اس پیش رفت پر کوئی باضابطہ تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
یمنی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ باب المندب سے انخلا کیا گیا ہے، تاہم قریبی ساحلی علاقوں سے حوثیوں کو پیچھے دھکیلنے کی کوششیں بدستور جاری ہیں جبکہ تعز شہر کا محاصرہ بھی برقرار ہے۔
اس سے قبل ستمبر میں حوثیوں نے ایک اچانک کارروائی میں آبنائے باب المندب کے دہانے پر واقع جزیرہ پیریم اور اہم بندرگاہی شہر موخا سمیت قریبی علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا۔
اکتوبر کے اوائل میں سرکاری فورسز نے اس آبی گزرگاہ کو محفوظ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، لیکن تازہ انخلا کو حوثیوں کے خلاف سعودی حمایت یافتہ مہم کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
آبنائے باب المندب عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے اور اس پر حوثیوں کے کنٹرول سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کی عملی بندش کے بعد سعودی عرب اپنی تیل کی برآمدات کے لیے بنیادی طور پر بحیرہ احمر کے راستے پر انحصار کر رہا ہے۔
حوثی گروہ نے علاقے پر قبضے کے وقت مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ اس گزرگاہ سے گزرنے والے عالمی تجارتی جہازوں کے لیے کوئی خطرہ نہیں بنیں گے، تاہم سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ یمن سنہ 2014 سے خانہ جنگی کا شکار ہے جب حوثیوں نے دارالحکومت صنعا سے حکومت کو بے دخل کر دیا تھا، جبکہ 2015 میں سعودی قیادت میں عرب اتحاد کی مداخلت کے بعد اس تنازع میں مزید شدت آ گئی۔
خطے میں چار سال سے جاری غیر رسمی جنگ بندی رواں سال جولائی میں اس وقت ٹوٹ گئی جب حوثیوں نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے سعودی ہوائی اڈوں، تیل کی تنصیبات اور بحیرہ احمر میں تیل بردار جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملے شروع کر دیے۔
حوثیوں کا مؤقف تھا کہ یہ کارروائیاں ان کے زیر کنٹرول بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کی سعودی ناکہ بندی اور صنعا ایئرپورٹ پر مبینہ سعودی فضائی حملے کے ردعمل میں کی گئیں، جس کے جواب میں سعودی عرب نے سیکڑوں فضائی حملے کیے۔
اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق حالیہ کشیدگی کے بعد یمن میں تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔