کرپشن کے الزامات: چوہدری سالک نے مریم نواز کے قانونی نوٹس کا جواب دے دیا


پنجاب میں کرپشن کے الزامات پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھجوائے گئے 5 ارب روپے کے ہرجانے کے قانونی نوٹس کا تحریری جواب دے دیا ہے تاہم ان کے جواب کی تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آسکیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے قانونی نوٹس کا باقاعدہ تحریری جواب بھجوا دیا ہے۔
چوہدری سالک نے 6 نومبر کو قانونی نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اس کا جواب دیں گے، 11 نومبر کو انہوں نے بتایا تھا کہ جواب تیار کرلیا ہے اور چند روز میں اسے سامنے لایا جائے گا۔
اب ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جواب ارسال کردیا گیا ہے تاہم اس میں دیے گئے مؤقف اور قانونی نکات کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
مریم نواز نے نوٹس کیوں بھجوایا؟
واضح رہے کہ تنازع کا آغاز چوہدری سالک حسین کے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں انٹرویو سے ہوا، جس میں انہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرتے ہوئے صوبے میں کرپشن کی شکایات کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے دور میں ترقیاتی کاموں میں سیاسی وابستگی کو ترجیح نہیں دی جاتی تھی۔

چوہدری سالک کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی بجٹ کی تقسیم سیاسی بنیادوں پر ہورہی ہے اور لاہور کے لیے دیگر اضلاع کے مقابلے میں زیادہ وسائل مختص کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے گجرات سمیت دیگر علاقوں کو ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں پنجاب میں کرپشن کی شکایات مسلسل سننے کو ملتی ہیں اور کرپشن سے متعلق اتنی فائلیں موجود ہیں کہ ان سے الماریاں بھر سکتی ہیں تاہم انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ ان الزامات کے حق میں ان کے پاس دستاویزی ثبوت موجود نہیں۔
مریم نواز کا سخت ردعمل اور 5 ارب روپے کا نوٹس
چوہدری سالک کے بیان کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 3 نومبر 2026 کو اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب میں کرپشن کے الزامات لگانے والوں کو ثبوت بھی پیش کرنے چاہئیں، بصورت دیگر انہیں عدالت میں جواب دینا ہوگا۔
مریم نواز نے کہا تھا کہ اگر کسی کے پاس کرپشن کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے، وہ بے بنیاد الزامات برداشت نہیں کریں گی۔ انہوں نے چوہدری سالک سے یہ سوال بھی کیا تھا کہ اگر انہیں پنجاب حکومت میں اتنی کرپشن نظر آتی ہے تو وہ اسی حکومت کا حصہ کیوں ہیں؟
بعد ازاں مریم نواز نے چوہدری سالک حسین، نجی ٹی وی کے اینکر نعیم اشرف بٹ اور چینل کے چیئرمین محمد اقبال کو 5 ارب روپے ہرجانے کے قانونی نوٹس بھجوا دیے تھے۔
قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ چوہدری سالک نے بغیر کسی مستند دستاویزی ثبوت کے پنجاب حکومت پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے، جس سے وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کی ساکھ متاثر ہوئی۔
نوٹس میں الزامات واپس لینے، غیر مشروط معافی مانگنے اور انٹرویو کے متعلقہ حصوں کو درست کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جب کہ اس کے لیے 7 روز کی مہلت دی گئی تھی۔ بصورت دیگر قانونی کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا تھا۔
چوہدری سالک کا جواب کیا تھا؟
قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد چوہدری سالک حسین نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا تھا۔ 6 نومبر کو نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ جلد جواب جمع کرائیں گے اور اپنے الزامات کے حق میں ثبوت عدالت میں پیش کریں گے۔

11 نومبر کو ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ حقیقت کو حقیقت ہی رہنا چاہیے اور وہ اپنے بیان پر قائم ہیں۔
چوہدری سالک نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کا انٹرویو 25 ستمبر کو ریکارڈ کیا گیا تھا جب کہ گجرات کے ڈپٹی کمشنر کی تبدیلی 31 اکتوبر کو ہوئی۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ نے ان کے بیان کو ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی سے جوڑ کر غلط معلومات کی بنیاد پر ردعمل دیا۔
انہوں نے وضاحت کی تھی کہ سابق ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ان کی اچھی ورکنگ کوآرڈینیشن تھی اور ڈیڑھ سال قبل ترقیاتی منصوبوں کی ضروریات کے پیش نظر تجربہ کار افسر تعینات کرنے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم نئے ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی پر انہوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔
تنازع میں گجرات کے ڈپٹی کمشنر کا معاملہ بھی زیر بحث
مریم نواز نے چوہدری سالک کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ناراضی کی وجہ پنجاب میں کرپشن یا ترقیاتی کام نہیں بلکہ گجرات کے ڈپٹی کمشنر کی تبدیلی ہے۔ ان کے مطابق چوہدری سالک اپنی پسند کا افسر تعینات کرانا چاہتے تھے۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ چوہدری سالک کی ناراضی کی وجہ ان کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر تعینات نہ کیا جانا ہے تاہم چوہدری سالک نے اس الزام کی تردید کی تھی۔
مریم نواز نے گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 12 ارب روپے مختص کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب حکومت ترقیاتی فنڈز کی شفاف تقسیم یقینی بنا رہی ہے اور انہیں کسی بھی منصوبے میں ایک پائی کی بے ضابطگی کا ثبوت ملے تو وہ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
چوہدری خاندان کی سیاسی تقسیم بھی تنازع کا حصہ
چوہدری سالک حسین مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے ہیں جب کہ ان کے بڑے بھائی چوہدری شافع حسین پنجاب کابینہ میں وزیر صنعت و تجارت کے عہدے پر فائز ہیں۔
چوہدری خاندان میں سیاسی تقسیم کے باعث چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی تحریک انصاف کے قریب ہیں جب کہ چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک اور چوہدری شافع حسین حکمران اتحاد کا حصہ ہیں۔
چوہدری سالک کے الزامات اور مریم نواز کے قانونی نوٹس کے بعد دونوں جانب سے بیانات کا سلسلہ جاری رہا جب کہ اب قانونی نوٹس کے تحریری جواب کی ترسیل کے بعد معاملہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles