
اٹلی کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے صارفین کی اجازت کے بغیر ان کی تصاویر، ویڈیوز اور متعلقہ معلومات تک رسائی حاصل کرنے پر فیس بک کی مالک کمپنی ’میٹا‘ پر 80 کروڑ 50 لاکھ یورو (88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر) جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق میٹا نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر فیس بک ایپلی کیشن کے ذریعے اطالوی صارفین کی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کی، لیکن اس کے لیے ان کی مخصوص اجازت نہیں لی گئی اور نہ ہی انہیں مناسب طور پر آگاہ کیا گیا۔
اطالوی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ میٹا نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر فیس بک ایپ کے ذریعے صارفین کی تصاویر، ویڈیوز اور ان سے متعلق میٹا ڈیٹا تک رسائی حاصل کی۔
بیان کے مطابق یہ کارروائی صارفین کی واضح اجازت کے بغیر کی گئی اور انہیں اس بارے میں مناسب معلومات بھی فراہم نہیں کی گئیں، جس پر میٹا کو 805 ملین یورو جرمانہ کیا گیا ہے۔
یہ جرمانہ اطالوی حکام کی جانب سے کسی بھی ٹیکنالوجی کمپنی پر عائد کیے جانے والے بڑے جرمانوں میں سے ایک ہے۔
میٹا کا فیصلے کے خلاف اپیل کا اعلان
میٹا نے اطالوی حکام کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اس کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ وہ ریگولیٹرز کے جائزے اور جرمانے بھاری بھرکم جرمانے کے فیصلے سے سخت اختلاف کرتے ہیں۔
اس سے قبل اکتوبر میں امریکی ریاست نیو میکسیکو کے حکام نے بھی میٹا کو 25 ارب ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس مقدمے میں کمپنی پر الزام تھا کہ اس نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک ریاست کے شہریوں کو ان کے ڈیٹا کے استعمال کے بارے میں گمراہ کیا۔
میٹا نے اس فیصلے کو آزادی اظہار پر ٹیکس قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔ یہ کمپنی پر عائد کیے جانے والے سب سے بڑے جرمانوں میں سے ایک تھا۔
ایمازون پر بھی جرمانہ
اٹلی میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف اس سے قبل بھی بڑے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔
2021 میں ایمیزون کو مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر ایک ارب 10 کروڑ یورو سے زائد جرمانہ کیا گیا تھا۔
میٹا کے خلاف تازہ فیصلہ بھی اٹلی میں کسی ٹیکنالوجی کمپنی پر عائد ہونے والے سب سے بڑے مالی جرمانوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔