انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2035 تک بڑے مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کے شیڈول اور مختلف عالمی ایونٹس کے کوالیفکیشن طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے۔ آئی سی سی اجلاس میں ٹی 20 ورلڈ کپ، ون ڈے ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنلز کی تاریخوں اور میزبان ممالک سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
آئی سی سی بورڈ نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے اجلاس کے دوران 2035 تک بڑے مینز کرکٹ ایونٹس کے انعقاد کے لے شیڈول کی منظوری دی جب کہ منظور شدہ شیڈول میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ، مینز کرکٹ ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق اس شیڈول کا آغاز 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ سے ہوگا جب کہ اس کا اختتام 2035 کے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ پر ہوگا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 سے 2034 تک
آئی سی سی کے منظور کردہ شیڈول کے مطابق مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک کھیلا جائے گا، اس کے بعد 2030 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ مشترکہ طور پر کریں گے، یہ ٹورنامنٹ 4 جولائی سے 4 اگست تک ہوگا۔
اس کے علاوہ 2032 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 14 اکتوبر سے 14 نومبر کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں تاہم اس ایونٹ کے میزبان ملک یا ممالک کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔ اسی طرح 2034 کا ٹی 20 ورلڈ کپ 6 جولائی سے 6 اگست تک شیڈول کیا گیا ہے لیکن اس کی میزبانی بھی تاحال غیر حتمی ہے۔
ون ڈے ورلڈ کپ 2027، 2031 اور 2035
آئی سی سی کے مطابق اگلا مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کا آغاز 7 اکتوبر کو ہوگا جب کہ فائنل 21 نومبر کو شیڈول ہے۔
جنوبی افریقا میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے بعد یہ ایونٹ دوبارہ برصغیر میں منعقد ہوگا، 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور بنگلہ دیش مشترکہ طور پر کریں گے، یہ ایونٹ 9 اکتوبر سے شروع ہوگا اور فائنل 23 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
اسی طرح 2035 کے مینز ورلڈ کپ کے لیے 2 اکتوبر سے 18 نومبر کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں تاہم اس ٹورنامنٹ کے میزبان ممالک کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
چیمپئنز ٹرافی 2029 اور 2033
آئی سی سی کے فیصلے کے مطابق مینز چیمپئنز ٹرافی کا اگلا ایڈیشن 2029 میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ 9 سے 28 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

اس کے بعد چیمپئنز ٹرافی کا اگلا ایڈیشن 2033 میں شیڈول کیا گیا ہے، جس کے لیے 2 سے 23 اکتوبر کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں تاہم 2033 کے ایونٹ کے میزبان ملک کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنلز
آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنلز کے لیے بھی 2035 تک شیڈول منظور کرلیا ہے، 2027 کا فائنل 9 سے 13 جون تک انگلینڈ کے تاریخی گراؤنڈ دی اوول میں کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد 2029 کا فائنل 8 سے 12 جون تک انگلینڈ میں ہوگا جب کہ 2031 کے فائنل کے لیے 12 سے 16 جون کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں، اسی طرح 2033 کا فائنل 9 سے 13 جون اور 2035 کا فائنل 7 سے 11 جون تک شیڈول ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 2029 اور 2031 کے فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کرے گا جب کہ 2033 اور 2035 کے فائنلز کے میزبان ممالک کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مینز ورلڈ کپ 2027 کا کوالیفائر
آئی سی سی نے مینز ورلڈ کپ 2027 کے کوالیفائر کا طریقہ کار بھی منظور کرلیا ہے، جو فروری اور مارچ میں کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 23 میچز ہوں گے۔
ٹیموں کو 5،5 کے 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی، جن کے فاتح فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔
کوالیفائر کی ٹاپ 4 ٹیمیں ورلڈ کپ 2027 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ کوالیفائر جیتنے والی ٹیم براہ راست ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی جب کہ باقی 3 ٹیمیں آخری گروپ مرحلے کی نشست حاصل کرنے کے لیے سپر سیریز کھیلیں گی۔
مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کا کوالیفائر
ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل عالمی کوالیفائر 2028 کی پہلی سہ ماہی میں کھیلا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 31 میچز ہوں گے، ان 16 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ کوارٹر فائنلز، سیمی فائنلز اور فائنل کے مرحلوں کے ذریعے 8 ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
آئی سی سی کے منظور کردہ طریقہ کار کے مطابق ہر خطے کی بہترین ٹیم کو عالمی کوالیفائر کے ذریعے ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ ملے گی جب کہ باقی نشستیں مجموعی درجہ بندی میں اگلی بہترین ٹیموں کو دی جائیں گی۔
ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کا کوالیفائر
آئی سی سی نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کے عالمی کوالیفائر کے لیے علاقائی نشستوں کی تقسیم کی بھی منظوری دے دی ہے۔ نیدرلینڈز اور اسکاٹ لینڈ عالمی کوالیفائر میں براہ راست شرکت کریں گے جب کہ علاقائی کوالیفائنگ ایونٹس کے ذریعے مزید آٹھ ٹیمیں اس مرحلے تک پہنچیں گی۔
علاقائی کوالیفائرز میں افریقا، ایشیا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک سے 2،2 ٹیمیں عالمی کوالیفائر کے لیے جگہ بنائیں گی جب کہ امریکا اور یورپ سے ایک، ایک ٹیم کوالیفائی کرے گی۔ یہ علاقائی ایونٹس 2027 میں کھیلے جائیں گے۔ عالمی کوالیفائر کی ٹاپ دو ٹیمیں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے کرکٹ کوالیفائرز
آئی سی سی نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی شمولیت کے لیے مردوں اور خواتین کے کوالیفائرز کے میزبان ممالک اور تاریخوں کا بھی اعلان کردیا ہے۔
مینز کرکٹ اولمپک کوالیفائر 5 سے 13 فروری 2028 تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا جب کہ ویمنز کرکٹ اولمپک کوالیفائر 26 فروری سے 5 مارچ 2028 تک امریکا میں ہوگا۔
دونوں کوالیفائرز میں 8،8 ٹیمیں حصہ لیں گی، ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہوں گی جب کہ دونوں ایونٹس میں 13، 13 میچز کھیلے جائیں گے۔
گروپ مرحلے کے بعد دونوں گروپس کی فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی جب کہ فائنل جیتنے والی ٹیم لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
آئی سی سی کا طویل مدتی شیڈول پر مؤقف
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کے مطابق بڑے عالمی ٹورنامنٹس کا طویل مدتی شیڈول کھلاڑیوں اور رکن ممالک کو مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی، کھلاڑیوں کی تربیت اور اعلیٰ کارکردگی کے پروگرام ترتیب دینے میں مدد فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت آسٹریلیا ون ڈے ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپئن ہے، جنوبی افریقا کے پاس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعزاز ہے جب کہ بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کا موجودہ چیمپئن ہے۔