سعودی دفاعی اتحاد کا مکہ کی طرف داغے گئے 2 ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ

سعودی دفاعی اتحاد نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے مکہ کی طرف داغے گئے 2 ڈرونز کو فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ اس سے قبل ریاض کی طرف داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ اتوار کو مغربی سعودی عرب کے مکہ ریجن میں حوثی باغیوں کے 2 ڈرونز کو فضا میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق دونوں ڈرونز مکہ کی جانب بھیجے گئے تھے تاہم ترجمان نے ممکنہ جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

اس سے قبل سعودی اتحاد نے اتوار کو ہی ریاض کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائلوں کو روکنے اور تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں بھی 3 ڈرونز مار گرانے کی اطلاع دی گئی تاہم ان ڈرونز کے لانچرز کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

دوسری جانب حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی اتحاد کے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ حوثی گروپ ماضی میں مکہ ریجن کو نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی باغیوں نے جولائی سے سعودی عرب پر حملوں میں تیزی لائی ہے، ان کارروائیوں میں بیلسٹک میزائل، کروز میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے، جن کے ذریعے ہوائی اڈوں، تیل کی تنصیبات اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے مارچ 2015 میں یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کے لیے فوجی اتحاد قائم کیا تھا۔ حوثی باغیوں نے ستمبر 2014 میں دارالحکومت صنعا اور دیگر صوبوں پر قبضہ کرلیا تھا، جس کے بعد یمن میں خانہ جنگی شروع ہوئی۔

یمنی فورسز کا باب المندب اور ذباب ایئرپورٹ سے انخلا کا اعلان

دوسری جانب سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز نے باب المندب اور ذباب ایئرپورٹ سے انخلا کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے مغربی علاقوں سے اپنے دستے واپس بلا رہی ہیں۔ یمنی فوجی حکام کے مطابق یہ قدم دارالحکومت عدن اور ملحقہ صوبوں کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے کیوں کہ حوثی باغیوں کی جانب سے جنوبی علاقوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یمنی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ حوثی باغیوں کے خلاف 6 ہفتوں سے جاری جوابی کارروائی کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی پوزیشن تبدیل ہونے کے باوجود قریبی ساحلی علاقوں سے حوثیوں کو پیچھے دھکیلنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

یمن کی حکومت کے لیے جنوبی علاقوں میں لڑنے والی مرکزی فوجی قوت سدرن آرمڈ فورسز نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا کہ صوبہ تعز کے مغرب میں واقع ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے علاقے سے فوجی دستوں کی دوبارہ تعیناتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

فوجی بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد دارالحکومت عدن اور اس سے ملحقہ صوبوں کی سیکیورٹی یقینی بنانا، دفاعی محاذوں کو مضبوط کرنا اور موجودہ خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔ حکومتی فورسز نے اپنی پوزیشنیں باب المندب کے جنوب میں واقع علاقے السقیہ میں منتقل کی ہیں، جو ذباب سے جنوب کی جانب اور عدن سے تقریباً 150 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔

یمنی فوجی ذرائع کے مطابق فورسز اب بھی قریبی ساحلی علاقوں سے حوثی باغیوں کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کررہی ہیں تاہم اس انخلا سے باب المندب کے اطراف حکومتی فورسز کی 6 ہفتوں سے جاری جوابی مہم عملاً ختم ہوگئی ہے۔ حکومتی فوج کے اعلان پر حوثی باغیوں یا سعودی عرب کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

حوثیوں کی پیش قدمی اور حکومتی فورسز کی جوابی کارروائی

یمن میں ایک دہائی سے جاری خانہ جنگی 2022 کے بعد نسبتاً پُرسکون ہوگئی تھی تاہم رواں سال موسم گرما میں ایران سے متعلق تنازع کے اثرات کے بعد لڑائی دوبارہ شدت اختیار کرگئی۔

ستمبر 2026 میں حوثی باغیوں نے تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے بحیرہ احمر کی ساحلی پٹی، باب المندب کے قریب اہم علاقوں اور جزیرہ پیریم پر قبضہ کرلیا تھا۔ اس پیش قدمی کے نتیجے میں تیل کی ترسیل متاثر ہوئی جب کہ حوثی باغیوں نے ملک کے تیسرے بڑے شہر تعز میں حکومتی فورسز کا محاصرہ بھی کرلیا۔

حوثی باغیوں کی پیش قدمی کے جواب میں سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت نے اکتوبر میں فوجی کارروائی شروع کی، جس کے دوران ذباب سمیت باب المندب کے اطراف کئی اہم مقامات دوبارہ حاصل کرلیے گئے تاہم حکومتی فورسز حوثی باغیوں کو مکمل طور پر علاقے سے نکالنے اور ساحلی شہر المخا کا کنٹرول واپس لینے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔

اس دوران حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملوں میں بھی اضافہ کردیا، ان حملوں میں سعودی عرب کے بڑے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث پروازیں متاثر ہوئیں جب کہ توانائی کے مراکز پر حملوں سے عالمی منڈیوں میں تیل کی ترسیل کے حوالے سے تشویش پیدا ہوئی۔

حوثی باغیوں نے عدن کے شمال میں پہاڑی علاقوں میں بھی پیش قدمی کی اور اکتوبر کے آغاز میں تعز کا زمینی رابطہ منقطع کردیا، اس صورتِ حال نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کے لیے لڑنے والے مختلف مسلح گروہوں پر دباؤ مزید بڑھا دیا۔

عدن کو بھی خطرات لاحق

یمنی فوجی ذرائع کے مطابق صوبہ لحج میں حوثی باغی تعز کے جنوب میں واقع علاقے طور الباحہ کے قریب موجود ہیں، جو عدن سے تقریباً 80 کلومیٹر دور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تعز کے اطراف حوثی باغیوں کی پیش قدمی نے باب المندب کے قریب حکومتی فورسز کی کارروائی کو بھی کمزور کیا ہے جب کہ اب عدن کی جانب حوثی باغیوں کی مزید پیش قدمی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

تعز کے مغربی حصے میں لڑائی بدستور جاری ہے اور شہر کا محاصرہ برقرار ہے، حالیہ لڑائی کے باعث بے گھر ہونے والے تقریباً 3 لاکھ افراد میں سے نصف تعز شہر میں موجود ہیں۔ محاصرے کے باعث امدادی سامان شہر میں داخل نہیں ہوسکتا جب کہ شہریوں کے لیے وہاں سے نکلنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ یوں علاقے میں انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس نے اتوار کو بتایا کہ حوثی باغیوں نے 600 قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔

باب المندب کی اہمیت

باب المندب آبنائے بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے درمیان واقع ایک اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے جہاز گزرتے ہیں۔ اس علاقے پر حوثیوں کا کنٹرول مضبوط ہونے سے عالمی بحری جہاز رانی پر دباؤ بڑھ سکتا ہے اور خلیجی ممالک کی تیل و تجارتی سامان کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ایک جانب ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں تو دوسری جانب باب المندب میں حوثیوں کی پیش قدمی نے بحیرہ احمر کے راستے عالمی تجارت کے لیے بھی خطرات بڑھا دیے ہیں۔ اس صورتِ حال سے سعودی عرب کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، جو یمن میں حوثیوں کے حملوں کو روکنے اور اہم بحری راستوں کو محفوظ بنانے کی کوشش کررہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles