مکہ مکرمہ میں بارش کے روح پرور مناظر؛ ربیکا خان کا جذباتی پیغام وائرل
اللہ نے زندگی کا ایک اور خواب پورا کردیا! ربیکا خان جذباتی ہوگئیں
پاکستانی سوشل میڈیا شخصیات ربیکا خان اور حسین ترین نے مکہ مکرمہ میں عمرے کی سعادت حاصل کرلی جہاں انہیں دورانِ قیام موسلادھار بارش کے خوبصورت اور روح پرور مناظر دیکھنے کا موقع بھی ملا۔
دونوں نے اپنے روحانی سفر کے دوران بارش کے دلکش لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوتے ہی وائرل ہوگئیں۔
اس موقع پر ربیکا خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ایک پیغام بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے انہیں اپنے گھر حاضری کی سعادت عطا فرمائی اور مقدس شہر میں رحمت کی بارش دیکھنا بھی نصیب کیا۔
ربیکا نے لکھا کہ زندگی میں کچھ لمحات ایسے ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر دل اللہ کے شکر میں جھک جاتا ہے۔ یہ کتنی بڑی خوش نصیبی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اپنے گھر بلایا اور اس مقدس مقام پر رحمت کی خوبصورت بارش دیکھنے کا موقع عطا کیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کبھی بیت اللہ کے سامنے کھڑے ہونے، وہاں کے سکون کو محسوس کرنے اور آسمان سے برستی رحمت کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کی خواہش محض ایک خواب ہوا کرتی تھی۔
اپنے پیغام میں ربیکا خان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ، اللہ تعالیٰ نے میری زندگی کا ایک اور خوبصورت خواب پورا کردیا۔ میرا دل چاہتا ہے کہ یہ لمحہ کبھی ختم نہ ہو کیونکہ نہ الفاظ اس خوشی کو بیان کرسکتے ہیں اور نہ ہی کوئی شکر اس عظیم نعمت کے لیے کافی ہے۔
ربیکا خان کے اس جذباتی پیغام اور مکہ مکرمہ میں بارش کے دوران لی گئی تصاویر کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پسند کیا جا رہا ہے۔