
ایلون مسک کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے خلائی سفر کی تاریخ کا ایک اور شاندار سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے دیوہیکل خلائی جہاز اسٹار شپ کو خلا سے واپسی پر زمین کے قریب فضا ہی میں کامیابی کے ساتھ تھام لیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسٹار شپ نے تقریباً 22 گھنٹے کے خلائی سفر کے بعد زمین پر واپسی کی اور اسے اسی مقام پر موجود دیوہیکل مکینیکل بازوؤں نے پکڑ لیا جہاں سے اس نے اپنا سفر شروع کیا تھا۔ اسٹین لیس اسٹیل سے بنا، نوکیلی ساخت کا خلائی جہاز عمودی حالت میں نیچے آیا اور کامیابی سے پکڑا گیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ راکٹ کا بالائی حصہ مدار سے بحفاظت زمین پر واپس اترا ہے، جسے سائنس فکشن فلموں جیسا ایک ڈرامائی اور حیرت انگیز منظر قرار دیا جا رہا ہے۔
اس کامیاب واپسی سے قبل مشن کے دوران ایک مشکل بھی پیش آئی۔ جمعے کو ٹیکساس سے پرواز کے کچھ دیر بعد راکٹ کا پہلا مرحلہ، جسے بوسٹر کہا جاتا ہے، واپسی کے دوران ناکام ہو گیا۔
اسپیس ایکس کے مطابق بوسٹر کے انجن مقررہ وقت سے پہلے بند ہو گئے تھے۔ رہنمائی نظام نے محسوس کیا کہ بوسٹر درست سمت میں نہیں ہے، جس کے بعد اسے خودکار طور پر سمندر کی طرف موڑ دیا گیا اور وہ تباہ ہو گیا۔ انجینئرز اس خرابی کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دنیا کے سب سے بڑے اور طاقت ور راکٹوں میں شمار ہونے والا 407 فٹ، یعنی 124 میٹر طویل اسٹار شپ ٹیکساس میں اسپیس ایکس کے مرکز سے روانہ ہوا تھا۔
پرواز کے دوران خلائی جہاز اپنے بوسٹر سے کامیابی سے الگ ہو کر مدار میں پہنچا، جہاں اس نے 26 جدید اسٹارلنک سیٹلائٹس بھی خلا میں چھوڑے۔
اسٹار شپ زمین سے تقریباً 265 کلومیٹر کی بلندی پر گردش کرتا رہا اور اس نے زمین کے گرد 14 چکر مکمل کیے۔ اسپیس ایکس کے مطابق اس دوران خلائی جہاز کے اہم نظام، خصوصاً اسے شدید گرمی سے محفوظ رکھنے والی ہیٹ شیلڈ، درست طریقے سے کام کرتی رہی۔
2023 سے اب تک مکمل جسامت کے اسٹار شپ کی یہ 15ویں آزمائشی پرواز تھی، جبکہ مدار تک پہنچنے کا یہ اس کا دوسرا کامیاب مشن ہے۔
ناسا نے بھی اسٹار شپ کی کامیاب واپسی کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی خلائی ادارہ مستقبل کے آرٹیمس مشنز میں خلابازوں کو چاند تک پہنچانے کے لیے اسپیس ایکس کی خدمات حاصل کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایلون مسک کا طویل المدتی منصوبہ اس سے بھی بڑا ہے۔ وہ مستقبل میں متعدد اسٹار شپ خلائی جہازوں کے ذریعے مریخ تک انسانوں اور سامان کو پہنچانے اور وہاں انسانی آبادی قائم کرنے کا خواب رکھتے ہیں۔
اسپیس ایکس کے مطابق آئندہ چند ماہ میں فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے بھی ان پروازوں کا آغاز کیا جائے گا جو مستقبل کے خلائی سفر میں ایک نیا باب رقم کریں گے۔
اسٹار شپ کو فضا میں تھامنے کی یہ کامیابی خلائی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، تاہم بوسٹر کی ناکامی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مکمل طور پر دوبارہ استعمال ہونے والے اس نظام کو عملی شکل دینے کے لیے اسپیس ایکس کو ابھی مزید آزمائشوں اور تحقیق کی ضرورت ہے۔