
کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں سونے کی کان بیٹھنے سے تین مزدور ملبے تلے دب گئے، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کا آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ کوہاٹ کے علاقے گمبٹ کے مقام درہ بوکیچ میں پیش آیا ہے، جہاں سونے کی کان اچانک بیٹھ گئی۔ کان بیٹھنے کے نتیجے میں وہاں کام کرنے والے تین مزدور ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے تینوں مزدوروں کا تعلق تر ابیرہ سے ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور دبے ہوئے مزدوروں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم تاحال ان کے نکالے جانے سے متعلق کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔