
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں، امریکی معاشی دباؤ نے ایرانی حکومت کو شدید کمزور کردیا ہے۔
واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی کا اصل مقصد اسے جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے اور یہی اس معاملے میں امریکا کی حقیقی کامیابی ہوگی۔
مارکو روبیو نے اعتراف کیا کہ ایران کے خلاف جنگ کے اثرات امریکی معیشت پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے باعث امریکا میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ عالمی معیشت بھی متاثر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی معاشی دباؤ نے ایرانی حکومت کو خاصا کمزور کردیا ہے، اس لیے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کے بجائے اس بات کو یقینی بنانا اہم ہے کہ تہران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے۔
روبیو کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کو نظر انداز کرنا اور اس مسئلے کو آنے والی حکومت پر چھوڑ دینا آسان راستہ تھا، تاہم امریکی انتظامیہ نے اس معاملے کو حل طلب نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف جنگ کے باعث امریکا کو بھی معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور عالمی سطح پر توانائی اور دیگر شعبوں پر اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔