
پاکستان نے میزبان بنگلادیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر پہلی بار ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جہاں اب روایتی حریف بھارت سے ٹائٹل کے لیے مقابلہ ہوگا۔
ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ساف فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے میزبان بنگلادیش کو ایک صفر سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔
میچ کے دوران بنگلادیش کا بال پر زیادہ قبضہ رہا تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے متعدد حملے ناکام بنائے اور اسے گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ آخری لمحات تک بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم میچ کے 86ویں منٹ میں عبدالصمد ارشد نے حریف دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے بائیں پاؤں سے شاندار گول اسکور کیا اور پاکستان کو ایک صفر کی فیصلہ کن برتری دلادی۔
میچ کے آخری لمحات میں بنگلادیشی ٹیم نے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن پاکستانی دفاع نے میزبان ٹیم کی تمام کوششیں ناکام بناتے ہوئے اپنی برتری برقرار رکھی۔
اس دوران اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور ناخوشگوار رویے کے واقعات بھی پیش آئے، جبکہ میچ کے آخری لمحات میں بنگلادیشی کھلاڑی پاکستانی فٹبالرز سے الجھتے رہے۔ تاہم پاکستانی ٹیم نے اعصاب پر قابو رکھا اور ایک صفر سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔
نولبرٹو سولانو کی کوچنگ میں پاکستان فٹبال ٹیم پہلی بار ساف چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے سے اب صرف ایک فتح دور ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایونٹ کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستانی ٹیم پہلی مرتبہ چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گی۔