
پاکستان نے بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت منعقد ہونے والی تہذیبوں کے درمیان مکالمے سے متعلق کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے، جہاں رکن ممالک مشترکہ ثقافتی ورثے، تاریخی روایات اور تہذیبوں کے باہمی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے سے متعلق ایس سی او کانفرنس 20 سے 22 نومبر تک منعقد ہوگی۔
دفتر خارجہ کے مطابق حکومتِ پاکستان نے ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کو نئی دہلی میں ہونے والے ایس سی او تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔
یہ مکالمہ 20 سے 22 نومبر 2026 تک بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوگا، جس میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اجلاس میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور ثقافتی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان باہمی احترام کے جذبے کے تحت ایس سی او کے دائرہ کار میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانفرنس کا انعقاد نئی دہلی کے تاریخی مقام پرانا قلعہ میں کیا جائے گا، جب کہ افتتاحی تقریب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت متوقع ہے۔
اس فورم کے ذریعے ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان روایتی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی تعاون کے علاوہ ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر میل جول کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔