رابعہ فیصل کی شوبز انڈسٹری میں انٹری؛ پہلے ڈرامے کا پوسٹر سامنے آگیا
سسٹرولوجی کی رابعہ فیصل اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار ہیں
پاکستان کے معروف یوٹیوب چینل ’سسٹرولوجی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی سوشل میڈیا انفلوئنسر رابعہ فیصل نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم وہ جلد ہی نجی ٹی وی چینل کے نئے ڈرامے ’بے حس‘ میں اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔
پانچ بہنوں پر مشتمل سسٹرولوجی فیملی نے یوٹیوب سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم وقت کے ساتھ تمام بہنوں نے سوشل میڈیا کے علاوہ اپنے انفرادی کیریئر پر بھی توجہ دینا شروع کردی ہے۔
رابعہ فیصل بھی اسی سلسلے میں اب شوبز انڈسٹری کا حصہ بننے جا رہی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کی جانب سے ان کے پہلے ڈرامے ’بے حس‘ کا پہلا پوسٹر جاری کردیا گیا ہے جس میں رابعہ فیصل کی جھلک بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
رابعہ فیصل کی بڑی بہنوں اقرا کنول اور حرا فیصل نے ان کے نئے سفر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین اور مداح بھی رابعہ فیصل کے اس نئے آغاز پر انہیں مبارک باد دے رہے ہیں جبکہ ان کے پہلے ڈرامے کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔