قطر اور ترکیے کے درمیان دفاعی معاہدہ، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

ترکیے اور قطر نے باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کردیے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان جمعے کو استنبول میں ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

ترک ایوانِ صدر کے مطابق صدر اردوان نے کہا کہ دونوں ممالک خلیجی خطے میں جنگ دوبارہ شروع ہونے سے روکنے، مذاکرات کی بنیاد قائم کرنے اور امن کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

ترک صدارتی دفتر نے معاہدے کو ترکیے اور قطر کے تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا ہے، جب کہ امیرِ قطر نے اسے دونوں ممالک کی تزویراتی شراکت داری کا تسلسل قرار دیا۔

شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ صدر اردوان سے ملاقات کے دوران اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں کو آگے بڑھانے اور آئندہ عرصے میں مشترکہ اقدامات کی ترجیحات طے کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔

قطری شاہی دیوان کے مطابق دونوں حکومتوں کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں امن، مفاہمت اور تنازعات کے حل کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت بھی شامل ہے۔

’الجزیرہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سیکیورٹی امور کے تجزیہ کار یوسف الابردہ نے کہا کہ ایران جنگ شروع ہونے کے بعد خطے کے ممالک اس کے اثرات محسوس کر رہے ہیں اور کسی کو بھی اپنی سلامتی کے بارے میں مکمل اطمینان نہیں۔

ان کے مطابق خلیجی ممالک، خصوصاً قطر، یہ محسوس کر رہے ہیں کہ امریکا کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی ضمانتیں مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں ترک فوجیوں کی موجودگی اہم ہے اور مستقبل قریب میں ترکیے کے ہتھیار اور فضائی دفاعی نظام بھی قطر میں تعینات کیے جاسکتے ہیں۔

قطر یونیورسٹی میں بین الاقوامی امور کے اسسٹنٹ پروفیسر عبداللہ بندر العطیبی نے کہا کہ نیا دفاعی معاہدہ قطر اور ترکیے کے درمیان موجودہ تعاون میں سیکیورٹی کی ایک نئی تہہ کا اضافہ کرے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو اگلے مرحلے تک لے جائے گا۔

رواں سال اگست میں ترکیے، پاکستان اور سعودی عرب نے بھی ایک علاقائی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملے کی صورت میں دیگر دونوں ممالک اس کی مدد کریں گے۔

گزشتہ ہفتے ترک پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس معاہدے میں نیٹو کے رکن ترکیے، پاکستان اور سعودی عرب شامل ہیں۔ ترکیے کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں اور مصر سمیت دیگر ممالک کے لیے بھی اس میں شمولیت کی گنجائش موجود ہے۔

اس سے قبل اکتوبر میں قطر، انڈونیشیا، پاکستان اور ترکیے نے دوحہ میں دفاعی تعاون سے متعلق کثیرملکی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جسے ’بدر‘ معاہدہ کہا جاتا ہے۔ اس کا مقصد شریک ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles