
جاپانی قونصل خانے نے پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے اشتراک سے بیچ لگژری ہوٹل میں جاپان فیسٹ 2026 منعقد کیا، جس میں جاپانی ثقافت اور روایات کے مختلف رنگ پیش کیے گئے۔
جاپان فیسٹ 2026 میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ جمعہ 13 نومبر کو منعقدہ اس میلے میں جاپان کے ثقافتی ورثے اور فنون کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل کراچی ہاتوری مَاسارو نے کہا کہ ثقافتی تبادلے جاپان اور پاکستان کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی تفہیم بڑھانے کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جاپان فیسٹ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے تقریب کو ایک خوب صورت اور پُررونق شام قرار دیتے ہوئے جاپانی قونصل خانے کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے کراچی کے نوجوانوں کو جاپانی ثقافت سے براہِ راست متعارف ہونے کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ جاپان کو صرف ٹیکنالوجی اور اینیمی کے حوالے سے نہ دیکھیں بلکہ اس کی قومی ترقی اور قوم سازی کے سفر کا بھی مطالعہ کریں۔
فیسٹیول میں کاس پلے مقابلے، روایتی جاپانی رقص بون اودوری اور جاپانی ڈانس گروپ آتسوشی کریو کی پرفارمنس پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ اکیبانا اور بونسائی کی نمائش، تفریحی کھیلوں اور اوریگامی کے ذریعے جاپانی فنون اور ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔
جاپانی قونصل خانے نے تقریب میں شریک مہمانوں، منتظمین اور شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور جاپان کے درمیان ثقافتی روابط اور دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرامید ہے۔