ترکیہ میں ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 4 فوجی اہلکار ہلاک

ترکی کے مشرقی صوبے ملاطیہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے، حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔

ترک وزارتِ دفاع کے مطابق حادثہ جمعرات کو پیش آیا، جب فوجی اہلکاروں کو لے جانے والا ایس 70 (S-70) ہیلی کاپٹر صوبہ ملاطیہ میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار چاروں اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

وزارتِ دفاع نے واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر گرنے کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آسکیں اور اس حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

ترک وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہداء پر رحم فرمائے۔ ہم ان کے غمزدہ اہل خانہ، ترک مسلح افواج اور اپنی عظیم قوم سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور انہیں صبر عطا کرنے کی دعا کرتے ہیں۔

وزارتِ دفاع نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت بھی جاری کردی ہے۔ حادثے میں ہیلی کاپٹر کے تکنیکی عملے کے ارکان سرکان اوندَر اور حسین ظہیر جبکہ پائلٹس میجر اردم چیمن اور میجر اورہان پینار ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب ترکی کے صدارتی ادارے برائے مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

اپنے بیان میں برہان الدین دوران نے کہا کہ ہماری قوم سے دلی تعزیت ہے۔ ملاطیہ میں ایس 70 فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے ہمارے بہادر فوجیوں پر اللہ تعالیٰ رحم فرمائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ جاں بحق فوجیوں کے غمزدہ اہل خانہ، عزیز و اقارب اور ترک مسلح افواج کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles