
دنیا بھر میں کروڑوں افراد اور کاروبار روزمرہ کاموں کے لیے مائیکروسافٹ کی سروسز پر انحصار کرتے ہیں، لیکن آج پیش آنے والی ایک بڑی تکنیکی خرابی نے اس نظام کو بری طرح متاثر کردیا۔ آؤٹ لک، مائیکروسافٹ 365 اور دیگر اہم ایپلی کیشنز تک رسائی میں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ اس تعطل کے اثرات اے آئی کی بعض معروف سروسز تک بھی پہنچ گئے۔
مائیکروسافٹ کی مختلف سروسز میں یہ تکنیکل خرابی 11 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی، جس کے باعث دنیا بھر میں ہزاروں صارفین متاثر ہوئے۔ اس دوران نہ صرف ای میلز تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں بلکہ کئی دیگر کاروباری اور دفتری سہولیات بھی متاثر ہوئیں۔
آؤٹ لک کی بندش سے متعلق شکایات جمعہ کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئیں۔ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق اس وقت شکایات کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 58 تک پہنچ گئی تھی، جو صبح ساڑھے 4 بجے تک کم ہوکر تقریباً 34 ہزار 490 رہ گئی۔
مائیکروسافٹ نے جمعے کی صبح ساڑھے 3 بجے جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ کمپنی متاثرہ سرورز کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے اور صارفین کے دوبارہ سروسز سے منسلک ہونے کے ساتھ نظام بتدریج بحال ہو رہا ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سرورز کے درمیان محفوظ رابطہ قائم کرنے والے ایک سسٹم کو خرابی کی اہم وجہ قرار دیا گیا۔ یہ سسٹم غیر معمولی دباؤ کا شکار ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں متاثرہ سرورز صارفین کی درخواستوں پر کارروائی کرنے سے قاصر ہوگئے۔
کمپنی نے واضح کیا کہ مسئلہ مجموعی طور پر انٹرنیٹ ٹریفک یا صارفین کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے پیدا نہیں ہوا تھا، بلکہ اصل مسئلہ یہ تھا کہ درخواستوں کو سنبھالنے کے لیے دستیاب سرورز کی تعداد کم ہوگئی تھی۔
مائیکروسافٹ نے خرابی سامنے آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر 15 سے زائد اپ ڈیٹس جاری کیں، جن میں سروسز کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے صارفین کو آگاہ کیا گیا۔
مائیکروسافٹ کے مطابق بعض مشینیں نیٹ ورک کی نئی تبدیلیوں کے ساتھ مطلوبہ انداز میں ہم آہنگ نہیں ہو رہی تھیں، جس کی وجہ سے بحالی کا عمل سست ہوگیا۔
کمپنی نے متاثرہ سرورز پر دباؤ کم رکھنے کے لیے بعض علاقوں میں عارضی طور پر ٹریفک محدود بھی کی، جبکہ حالیہ نیٹ ورک تبدیلی کو واپس لینے کے امکان کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ایک نئی کنفیگریشن تبدیلی بھی تیار کی گئی، جسے وسیع پیمانے پر نافذ کرنے سے پہلے کچھ سرورز پر آزمایا گیا۔
اس تعطل کا سب سے زیادہ اثر مائیکروسافٹ کی ای میل سروس ایکسچینج آن لائن پر پڑا، جس کے باعث صارفین کو آؤٹ لک کے ویب، ڈیسک ٹاپ اور موبائل ورژن پر اپنے میل باکس تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں۔
بعض صارفین کی ای میلز بھی تاخیر سے پہنچیں، جبکہ مائیکروسافٹ 365 کی مختلف ایپلی کیشنز میں حال ہی میں استعمال کی گئی فائلیں کھولنے میں بھی دشواری ہوئی۔ مائیکروسافٹ 365 کے ایڈمن سینٹر کے بعض صفحات بھی درست طریقے سے لوڈ نہیں ہو رہے تھے۔
مصنوعی ذہانت کی سروس مائیکروسافٹ کوپائلٹ بھی اس خرابی سے متاثر ہوئی۔ صارفین کو کوپائلٹ چیٹ کھولنے اور اس سے جواب حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ ای میلز، کیلنڈر اور دیگر دفتری فائلوں تک کوپائلٹ کی رسائی بھی متاثر ہوئی۔
مائیکروسافٹ ٹیمز کی بنیادی سہولیات، جن میں پیغامات بھیجنا اور آن لائن میٹنگز شامل ہیں، بڑی حد تک معمول کے مطابق کام کرتی رہیں۔ تاہم ایکسچینج آن لائن پر انحصار کرنے والی سہولیات، جیسے کیلنڈر دیکھنا، میٹنگز طے کرنا اور بعض اداروں میں نئی چیٹس بنانا متاثر ہوئیں۔
دیگر متاثرہ سروسز میں مائیکروسافٹ پلانر، ٹو ڈو، ڈیفنڈر، پیوریو، مائیکروسافٹ گراف، فیبرک، پاور بی آئی، شیئرپوائنٹ آن لائن، یونیورسل پرنٹ اور ونڈوز 365 بھی شامل تھیں۔
تعلیمی شعبے میں مائیکروسافٹ 365 ایجوکیشن کی بعض سہولیات، جیسے اسائنمنٹس، ریڈنگ پروگریس اور اسپیکر پروگریس بھی متاثر ہوئیں، جبکہ مائیکروسافٹ انٹیون کی کچھ سروسز میں بھی مسائل رپورٹ کیے گئے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ تمام سہولیات جو ایکسچینج آن لائن پر انحصار نہیں کرتی تھیں، معمول کے مطابق کام کرتی رہیں۔
اوپن اے آئی اور اینتھروپک کی سروسز بھی متاثر
مائیکروسافٹ کی خرابی صرف اس کی اپنی ایپلی کیشنز تک محدود نہیں رہی بلکہ اس کے نظام سے منسلک دیگر کمپنیوں کی مصنوعی ذہانت کی سروسز بھی متاثر ہوئیں۔
اوپن اے آئی نے بتایا کہ مائیکروسافٹ کنیکٹرز میں مسئلہ سامنے آیا ہے، جس کے باعث صارفین کے لیے نئے کنکشنز قائم کرنا مشکل ہوسکتا ہے اور بعض ٹولز بھی درست طریقے سے کام نہیں کرسکتے۔
اسی طرح اے آئی کمپنی اینتھروپک نے بھی تصدیق کی کہ اسے ایک ایسے فراہم کنندہ کے نظام میں خرابی کا سامنا ہے، جس پر اس کا مائیکروسافٹ 365 کنیکٹر انحصار کرتا ہے۔
اس تعطل کے اثرات کاروباری سرگرمیوں تک بھی پہنچے۔ الیکٹرک ٹرک بنانے والی امریکی کمپنی ورک ہارس گروپ نے مائیکروسافٹ کی عالمی بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج کا اعلان 12 نومبر کے بجائے 16 نومبر تک مؤخر کردیا۔
واضح رہے کہ مائیکروسافٹ کے لیے حالیہ عرصے میں یہ پہلا بڑا تکنیکی مسئلہ نہیں ہے۔ اس سے چند ہفتے قبل کمپنی کے کلاؤڈ پلیٹ فارم ایژور میں بھی خرابی سامنے آئی تھی، جس کے باعث دنیا بھر میں اس کے دفتری سافٹ ویئر اور مختلف شعبوں سے وابستہ کاروبار متاثر ہوئے تھے۔
حالیہ واقعے نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جب دنیا بھر کے کاروبار اور ڈیجیٹل سروسز چند بڑے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز کے نظام پر انحصار کرتے ہیں تو وہاں پیدا ہونے والی ایک تکنیکی خرابی کے اثرات متعدد کمپنیوں اور صارفین تک پہنچ سکتے ہیں۔