خیرپور میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع خیرپور میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق خیرپور میں بٹریسم نارتھ ویسٹ ون (Buttress North West-1) کنویں سے گیس اور کنڈنسیٹ کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل نے اس دریافت سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کنویں کی جانچ کے دوران یومیہ 12.8 ملین معیاری مکعب فٹ گیس اور 175 بیرل کنڈنسیٹ حاصل ہوا۔ یہ دریافت لوئر گورو فارمیشن کے بیسل سینڈز میں ہوئی ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق کنویں کی کھدائی کا آغاز 21 اگست 2026 کو کیا گیا تھا، جسے 3 ہزار 732 میٹر گہرائی تک کھودا گیا۔

کمپنی اس ایکسپلوریشن لائسنس میں 95 فیصد حصص کے ساتھ آپریٹر ہے، جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کے پاس 5 فیصد حصص ہیں۔

او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ دریافت ہونے والے ذخائر کو جلد قومی گیس سسٹم سے منسلک کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نئی دریافت سے ملک کے مقامی گیس ذخائر میں اضافہ ہوگا اور توانائی کی طلب و رسد کے درمیان فرق کم کرنے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles