رہائش گاہ پر جنسی ہراسانی کیس میں ٹرمپ کی وکیل کروڑوں ڈالرز کے معاہدے سے فارغ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق وکیل علینا حبا ملڈن کو وینزویلا کے ایک امیر خاندان کی ملکیت کمپنی ’کونکورڈ پارٹنرز‘ نے اپنے 50 ملین ڈالر کے متنازع معاہدے سے فارغ کر دیا ہے۔

نیویارک ٹائمز اور دیگر امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمپنی نے چار نومبر کو خط کے ذریعے علینا حبا کو فرائض کی عدم ادائیگی اور 25 سالہ ترکش سرمایہ کار ترہان ملڈن سے شادی کے بعد کام میں عدم توجہی کے باعث ملازمت سے برطرف کیا۔

اگرچہ علینا حبا پہلے ہی کونکورڈ کے ذریعے تقریباً 14.5 ملین ڈالر کما چکی ہیں جو وہ اپنے پاس ہی رکھیں گی، تاہم اس معاہدے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ شدید برہم دکھائی دیتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے علینا حبا کی جانب سے ان کی پشت پناہی میں وینزویلا ایک خاندان کے ساتھ 50 ملین ڈالر کے جنرل کونسل کا معاہدہ کرنے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ناگفتہ بہ اور ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ علینا حبا نے ان کے ساتھ اپنے تعلقات کا استعمال کر کے یہ بھاری رقم طے کی، جس پر ٹرمپ نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس رقم کا ایک حصہ آئندہ صدارتی لائبریری یا ٹرمپ سے وابستہ کسی دیگر ادارے کو عطیہ کریں۔

واضح رہے کہ کمپنی کے مالکانہ حقوق وینزویلا کے معروف بینکر جولیوفسر ہیریرا ویلوٹینی کی بیٹی کے پاس ہیں، جبکہ بینکر ویلوٹینی کو رشوت ستانی اور مہم کی مالی اعانت کی خلاف ورزی کے الزامات کا سامنا تھا اور جنوری 2026 میں ٹرمپ کی جانب سے انہیں صدارتی معافی دی گئی تھی۔

علینا حبا کے ترجمان اور حامیوں کے مطابق وہ اس برطرفی کے خلاف ہیریرا خاندان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتی ہیں۔

دوسری جانب علینا حبا اپنے حالیہ ترکش شوہر ترہان ملڈن کی وجہ سے بھی ٹرمپ کے قریبی حلقوں میں تنازعات کا شکار رہی ہیں۔

ترہان ملڈن کی کینیڈی سینٹر کو 5.6 ملین ڈالر کے عطیے سے متعلق دعوے پر وائٹ ہاؤس کے سابق عہدیدار رک گرنیل سے جاری تکرار پر وائٹ ہاؤس کے وکیل ول سچارپ کو تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ رک گرنیل ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔

علاوہ ازیں علینا حبا کو نیو جرسی میں ٹرمپ کے بیڈمنسٹر گالف کلب کی ایک سابق ویٹریس کے جنسی ہراسانی کیس میں غیر قانونی طور پر این ڈی اے (معاہدہ راز داری) پر دستخط کرانے کے الزام پر اخلاقی تادیبی کارروائی کی سفارش کا سامنا بھی ہے۔

اس کیس کے تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری اپنے بیان میں نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو جعلی خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیڈمنسٹر گالف کلب کی ویٹریس کے جنسی ہراسانی کے معاملے میں وہ خود بطور فریق شامل نہیں تھے اور اخبار نے ان کی عدم شمولیت کی حقیقت کو چھپایا ہے۔

اس کے باوجود علینا حبا ملڈن کو برطرفی، اخلاقی الزامات اور صدارتی انتظامیہ کے قریبی حلقوں میں بڑھتے ہوئے تنازعات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles