
افریقی جمہوریہ کانگو کے مشرقی صوبے شمالی کیوو میں ایک فوجی عدالت نے 66 فوجیوں کو بزدلی، بغاوت اور احکامات ماننے سے انکار کے الزامات کے تحت سزائے موت سنا دی ہے۔
مقامی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق والیکالے کے علاقے میں فوجی عدالت کے سامنے کل 71 فوجیوں کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالتی فیصلے کے تحت چار فوجیوں کو تمام الزامات سے بری کر دیا گیا جبکہ ایک فوجی کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
فوجی حکام کے مطابق اس مقدمے اور سخت سزا کا بنیادی مقصد ملک کے مشرقی حصوں میں فعال مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران فوجیوں کے اندر نظم و ضبط اور کمانڈ اسٹرکچر کو مضبوط بنانا ہے۔
متاثرہ علاقے میں کانگو کی حکومتی افواج کو فرنٹ فار دی ری فاؤنڈیشن آف دی نیشن (ایف آر این) نامی باغی اتحاد کے خلاف سخت نبرد آزما ہونا پڑ رہا ہے، جس میں معروف ’ایم 23‘ گروپ بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق سزا یافتہ فوجیوں کو 20 اکتوبر کو والیکالے کے مقام پر اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ان پر باغیوں کے ساتھ شدید جھڑپوں کے دوران اپنی دفاعی پوزیشنیں چھوڑ کر فرار ہونے کا الزام عائد ہوا تھا۔
جمہوریہ کانگو کے مشرقی خطے میں سرگرم ایم 23 سمیت متعدد مسلح گروہوں کے خلاف فوجی مہمات طویل عرصے سے فوج کے اندرونی نظم و ضبط کی کمی اور بدانتظامی سے متاثر ہوتی رہی ہیں۔
کانگو کی حکومت کی جانب سے بارہا ہمسایہ ملک روانڈا پر ایم 23 کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے، تاہم کیگالی حکومت اور باغی گروہ ان الزامات کی تردید کرتے ہیں، اگرچہ آزادانہ شواہد اس شمولیت کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب کانگو کی فوج کو پیشہ ورانہ معیار کی کمی پر تنقید کا سامنا رہا ہے، جبکہ فوجی اہلکار خود بھی کم تنخواہوں اور نا کافی عسکری سازوسامان کی شکایات کرتے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ جمہوریہ کانگو میں فوجیوں کے خلاف اس نوعیت کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور گزشتہ ماہ بھی بزدلی اور محاذِ جنگ سے پیچھے ہٹنے کے الزامات میں 27 فوجیوں کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔
کانگو حکومت نے مارچ 2024 میں فوج کی صفوں سے غداروں کے خاتمے کا جواز پیش کرتے ہوئے سزائے موت پر عائد 20 سالہ پابندی ختم کر دی تھی۔
حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ سزائے موت کا اطلاق مسلح گروہوں کے ارکان، بغاوت کے مرتکب، غداری اور جنگی جرائم میں ملوث افراد پر ہو گا۔
اگرچہ اس فیصلے کو انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم پابندی کے خاتمے کے بعد سے اب تک کسی سزائے موت پر باضابطہ عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
فرانسیسی نشریاتی ادارے ’آر ایف آئی‘ کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے آغاز سے اب تک مختلف جرائم میں 507 فوجیوں کو سزا سنائی جا چکی ہے، جن میں سے 381 کو سزائے موت کا حکم ملا ہے۔
سزائے موت پانے والی نمایاں شخصیات میں کانگو کے سابق صدر جوزف کابیلا بھی شامل ہیں، جنہیں اکتوبر 2025 میں جنگی جرائم اور غداری کے الزامات میں ان کی عدم موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔
کابیلا نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا تھا اور وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس کے بعد انہیں ایف آر این باغی اتحاد کا رہنما نامزد کر دیا گیا تھا۔