
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جیسے جیسے الیکشن قریب آرہے ہیں، کچھ لوگوں کو تکلیف ہونا شروع ہوگئی ہے، جنہیں اعتراض ہے وہ حکومت میں وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں، استعفیٰ دے کر گھر کیوں نہیں چلے جاتے؟ انہوں نے کہا کہ عوام کی امانت میں کسی کو خیانت کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی وزیر کے خلاف کرپشن کی شکایت آئی تو قسم کھاتی ہوں بخشوں گی نہیں۔
منگل کو جہلم میں طلبہ میں لیپ ٹاپس اور ہونہار اسکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب آگے بڑھ رہا ہے اور یہاں کام ہورہا ہے، ضمنی انتخابات میں کالعدم جماعتوں نے پورا زور لگایا لیکن کامیابی مسلم لیگ (ن) کی ہوئی۔ خدمت کا کوئی بیانیہ مقابلہ نہیں کرسکتا۔
مریم نواز نے کہا کہ جیسے جیسے الیکشن قریب آرہے ہیں، لوگوں کو تکلیف ہونا شروع ہوگئی ہے، جن لوگوں نے ایک پائی کا بھی کام نہیں کیا، ان کے لیے کرپشن کے الزامات لگانا آسان ہے لیکن کام کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بھی بننا پڑتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جن لوگوں کو اعتراض ہے، وہ حکومت میں وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں؟ استعفا دے کر گھر کیوں نہیں جاتے؟ ایسے لوگ اپنی باری کے لیے جگہ پکی کررہے ہوتے ہیں، پنجاب میں اب طاقت اور پیسے کا غرور نہیں چلے گا۔
انہوں نے اپنی کابینہ کے وزرا کو کرپشن پر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی امانت میں کسی کو خیانت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وہ روزانہ کسی نہ کسی کرپشن کا پتا چلاتی ہیں اور اس کے پیچھے جاتی ہیں، اگر ان کے کسی وزیر کے خلاف کرپشن کی شکایت لے کر کوئی آیا تو وہ قسم کھاتی ہیں کہ اسے بخشا نہیں جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ اپنی عوام کو جوابدہ ہیں، انہوں نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ پنجاب میں کرپشن مکمل طور پر ختم ہوگئی ہے تاہم پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں کی وزیراعلیٰ خود کرپشن پکڑتی ہے، کیا خیبرپختونخوا میں کرپشن نہیں ہورہی، کیا وہ کسی کو نظر نہیں آتی؟ کیا سندھ اور بلوچستان میں کرپشن نہیں ہورہی؟
انہوں نے کہا کہ 3 سال میں انہوں نے ٹریلین روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے، کوئی ایک منصوبہ دکھا دے جس میں کرپشن ہوئی ہو۔خیبرپختونخوا میں کئی سال تک کرپشن کا بازار گرم رہا جب کہ جن لوگوں نے کچھ نہیں کیا ان کے لیے دوسروں پر کرپشن کا الزام لگانا آسان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مقبولیت کے لیے کبھی بیانیے کی ضرورت نہیں ہوتی، عوام جانتے ہیں کہ ترقی صرف مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام ہر بار مسلم لیگ (ن) کو اقتدار کے لیے منتخب کرتے ہیں۔
مریم نواز نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک بچی پر دکاندار نے تشدد کیا تھا، جس پر بچی کو تھانے بلا کر کہا گیا کہ وہ اس مالدار دکاندار کے منہ پر تھپڑ مارے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار پنجاب کی وزیراعلیٰ مظلوم اور غریب کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے جہلم میں طلبہ کو لیپ ٹاپس اور ہونہار اسکالرشپس کی تقسیم کے موقع پر کہا کہ وہ طلبہ کو ان کی محنت کا صلہ دینے آئی ہیں، یہ ان کا حق ہے اور انہیں ملنا چاہیے، والدین کی قربانیوں کے باعث طلبہ اس مقام تک پہنچے ہیں، ہونہار طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ جہلم کے 109 طلبہ میں ہونہار اسکالرشپس تقسیم کی گئی ہیں جب کہ حکومت طلبہ کو ایک لاکھ اسکوٹیز دینے جارہی ہے، اسکوٹیز دسمبر میں تقسیم کی جائیں گی اور انہیں حاصل کرنے والے طلبہ کو باقاعدہ تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو نوجوانوں کی مدد کررہا ہے، پنجاب کے سرکاری اسکول نجی اسکولوں سے بہتر ہیں، لاہور میں چلنے والی گرین بسیں دیگر شہروں میں بھی چلائی جارہی ہیں اور پنجاب کے تمام شہروں میں یکساں ترقی ہورہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے ایسا ساہیوال، جہلم اور اٹک میں نہیں دیکھا گیا، پنجاب جیسے کام کی مثال پورے پاکستان میں دکھائیں، طلبہ کو گرین بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف بڑے شہروں میں ترقیاتی کام کرنے کی روایت توڑ دی ہے، اب دوسرے شہروں سے لوگ جہلم میں دل کا علاج کرانے آرہے ہیں، آج پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے اور عوام کو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔