وزیراعظم اپوزیشن کے ساتھ نئی لڑائی کے بجائے اتحادیوں کا اعتماد بحال کریں: بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن کے ساتھ نئی لڑائی کے بجائے اتحادیوں کا اعتماد بحال کریں، ہم معاشی بحران سے نمٹنے میں حکومت کا ساتھ دیں گے، جب تک تمام پاکستانی یک جان نہیں ہوں گے عوام کو اس مشکل سے بچا نہیں سکیں گے۔
منگل کو کراچی میں 10 لاکھ سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ دنیا میں گھروں کی تعمیر کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، اس سے قبل زیادہ گھر بنانے کا ریکارڈ نیپال کی حکومت کے پاس تھا۔
’سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنائیں گے‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر تعمیر کیے ہیں، منصوبے کی تکمیل تک مجموعی طور پر 20 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے، گھروں کی تعمیر میں وفاقی حکومت اور عالمی شراکت داروں کی مدد حاصل ہے، اس منصوبے کے تحت 10 لاکھ خاندانوں کو زمین کا مالک بنایا گیا ہے، جو 1970 کے بعد زمین کی منتقلی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کسانوں کو مالکانہ حقوق دیے جب کہ گھروں کی ملکیت سے غریب خاندانوں کو معاشی تحفظ ملے گا۔ یہ منصوبہ گھر، کپڑا اور مکان کے وعدے کی تکمیل ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں پوری دنیا معاشی بحران سے گزر رہی ہے، عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور ریلیف کے لیے حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، سندھ حکومت کا ہر منصوبہ عوام کے لیے ہے اور اس کا مقصد لوگوں کے کندھوں سے معاشی بوجھ کم کرنا ہے۔
’سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری عوام کو معاشی بحران سے نکالنا ہے‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام یہ نہیں دیکھ رہے کہ حکومتیں انہیں آپس میں کیسے لڑوائیں گی بلکہ وہ یہ دیکھ رہے ہیں کہ معاشی بحران میں حکومتیں ان کا ساتھ کیسے دیں گی، سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری نفرت پھیلانا نہیں بلکہ عوام کو معاشی بحران سے نکالنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ سیاستدان سمجھتے ہیں کہ کاروباری طبقے کو مزید امیر بنانے سے ملک ترقی کرے گا لیکن حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری عوام کو مشکلات سے نکالنا ہے، جب تک تمام پاکستانی ایک جان نہیں ہوں گے، عوام کو اس مشکل صورت حال سے نہیں بچا سکیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس منصوبے میں سندھ حکومت کا ساتھ دیا، شہباز شریف سے پہلے جو وزیراعظم تھے، ان کے دور میں سیلاب آیا تو ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے ملکی سیاست کو ری سیٹ کرنا پڑے گا، وزیراعظم شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ اپنے اتحادیوں کا اعتماد بحال کریں اور اپوزیشن کے ساتھ نئے جھگڑے شروع کرنے کے بجائے اعتماد کی فضا قائم کریں، ہم معاشی بحران سے نمٹنے میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔
بلاول کا مخالفین کو گھروں کی تعمیر میں کرپشن ڈھونڈنے کا چیلنج
بلاول بھٹو نے مخالفین کو گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں کرپشن تلاش کرنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ دعوے سے کہتے ہیں کہ اس منصوبے میں کرپشن نہیں ہوئی، وزیراعلیٰ سندھ عالمی سطح پر کرپشن کی نگرانی کرنے والے اداروں سے منصوبے کے آڈٹ کی درخواست کریں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت پر کرپشن کے الزامات لگائے جاتے ہیں اور مخالفین سندھ حکومت کو کرپٹ کہتے ہیں جب کہ لوگ کہتے ہیں کہ سندھ میں تعلیم کا بحران ہے، کوئی ہم سے پوچھے تو سہی کہ یہ مسائل کیوں ہیں۔
انہوں نے دیگر صوبوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دوسرے صوبے ہم سے عوام کی خدمت کرنا سیکھیں، سندھ حکومت کا ہر منصوبہ عوام کے لیے ہے اور عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں مدد فراہم کرے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles