امریکی چِپ ساز کمپنی ’اینویڈیا‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کی جانب سے ایک غیر ازدواجی تعلق کے اعتراف کے بعد سنگاپور میں قائم ایک الگورتھم و کلاؤڈ کمپیوٹنگ کمپنی کی سابق ایگزیکٹو ایلس ہوانگ مبینہ چینی جاسوسی اسکینڈل کے مرکز میں آ گئی ہیں۔
امریکا اور چین کے درمیان آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی دوڑ کے دوران سامنے آنے والی اس تحقیقات نے یہ سوالات اٹھا دیے ہیں کہ کیا چینی انٹیلی جنس نے ایلس ہوانگ کے ذریعے اینویڈیا کی ٹیکنالوجی اور ان کے سی ای او تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی تھی؟
یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب جینسن ہوانگ نے اینویڈیا کے ملازمین کو ارسال کردہ ایک خط میں اعتراف کیا کہ ان کے ایک خاتون کے ساتھ رومانوی تعلقات رہے، جن کے بارے میں شک ہے کہ وہ چینی جاسوس ہیں۔
اگرچہ انہوں نے اپنے خط میں خاتون کا نام نہیں لیا، تاہم یہ اعتراف اکتوبر میں سامنے آنے والی نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ ایلس ہوانگ ایک چینی جاسوس ہیں۔
پچھلے دو برسوں کے دوران جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ کی متعدد تصاویر بھی سامنے آ چکی ہیں، جبکہ دونوں کا خاندانی نام ایک جیسا ہونے کے باوجود ان کے درمیان کوئی رشتہ داری نہیں ہے اور جینسن ہوانگ پچھلے 40 برسوں سے اپنی اہلیہ لوری ہوانگ کے ساتھ ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔

ایلس ہوانگ، جنہیں ہوانگ لے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک چینی شہری ہیں اور ان کا تعلق صحافت اور فنانس سے بتایا جاتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ان کی آن لائن پروفائل سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ماضی میں مالیاتی ادارے ایچ ایس بی سی اور چینی براڈکاسٹرز سی سی ٹی وی اور ہنان ٹی وی سے وابستہ رہی ہیں۔
امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین کی منسٹری آف اسٹیٹ سیکیورٹی نے ایلس ہوانگ کو جینسن ہوانگ سے معلومات حاصل کرنے اور چینی کمپنیوں کو اے آئی چپس کی فروخت کے حوالے سے ان کی رائے پر اثر انداز ہونے کے لیے منتخب کیا تھا، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انہوں نے بیجنگ کو کیا معلومات فراہم کیں یا کیا وہ جینسن ہوانگ سے کوئی حساس ڈیٹا حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں یا نہیں۔
اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چین دونوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
ایلس ہوانگ سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ انٹرنیشنل کی سابق ڈائریکٹر ہیں، جو اینویڈیا کے جدید پروسیسرز کی پروسیسنگ پاور کو کرائے پر دیتی ہے تاکہ صارفین بغیر چپس خریدے اے آئی سسٹمز چلا سکیں۔
میگا اسپیڈ 2023 میں اینویڈیا کی آفیشل کلاؤڈ پارٹنر بنی اور تقریباً دو سالوں میں اس نے اینویڈیا سے 4.8 ارب ڈالر سے زائد کی چپس خریدیں۔
کمپنی کی بیلنس شیٹ 2023 کے آخر میں 33 ملین ڈالر سے بڑھ کر ایک سال بعد 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جس میں زیادہ تر رقم نا معلوم ذرائع سے موصول ہونے والے 2.9 ارب ڈالر کے قابلِ واپسی ڈپازٹس پر مشتمل تھی۔
میگا اسپیڈ کے ملازمین کے مطابق ایلس ہوانگ عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد بھی کمپنی کے معاملات چلا رہی تھیں اور وہ اپنے سرمائے کو بڑھانے کے لیے اینویڈیا سی ای او سے اپنے قریبی تعلقات کا حوالہ دیا کرتی تھیں۔
امریکی محکمۂ تجارت اور محکمۂ انصاف اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا میگا اسپیڈ نے چینی کمپنیوں کو اینویڈیا کے جدید پروسیسرز حاصل کرنے میں مدد دے کر امریکی برآمدی قوانین اور پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں۔
میگا اسپیڈ کے حکام نے غیر قانونی چپ منتقلی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے امریکی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دوسری جانب، امریکی ایوانِ نمائندگان کی تین مختلف کمیٹیوں کے سربراہان نے 18 نومبر کو جینسن ہوانگ سے ایک بند کمرہ اجلاس کی درخواست کی ہے تاکہ ایلس ہوانگ کے ساتھ ان کے رابطوں اور غیر ملکی خطرات سے اینویڈیا کے تحفظ کے اقدامات سے متعلق مزید تفصیلی آگاہی حاصل کی جا سکے۔