بھارت کی آئی فون بنانے والی فیکٹری میں دم گھٹنے سے 3 ملازم ہلاک

بھارت میں ایپل کے آئی فونز کے لیے پرزے تیار کرنے والے صنعتی یونٹ میں ایک بار پھر حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بڑا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں کام کے دوران زہریلی گیس کے اخراج سے تین مزدور ہلاک ہو گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ پیر کی رات بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر ہوسور میں واقع ٹاٹا الیکٹرانکس کی فیکٹری میں پیش آیا، جہاں تینوں مزدور کنٹریکٹ پر کام کرتے تھے۔

ضلع کے ایک سرکاری افسر دنیش کمار نے بتایا کہ مزدور فیکٹری کے صنعتی آلودگی کو صاف کرنے والے پلانٹ میں مرمت اور دیکھ بھال کا کام کر رہے تھے۔ اس دوران وہ ایک ٹینک کا معائنہ کرنے کے لیے اندرونی حصے میں گئے، جہاں گیس کی زد میں آنے سے ان کی موت ہوگئی۔

انڈسٹریل ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ امریکی کمپنی ایکولاب کے ذیلی ادارے نالکو واٹر کے زیر انتظام تھا۔ حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات ایپل، ٹاٹا اور ریاستی انتظامیہ مل کر کریں گے۔

تامل ناڈو کی وزیر صنعت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ مزدوروں کی ہلاکت کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور نتائج کی روشنی میں مناسب کارروائی ہوگی۔

رائٹرز کے مطابق واقعے کے باوجود فیکٹری میں آئی فونز کے پرزوں کی پروڈکشن متاثر نہیں ہوئی، کیونکہ ہندوؤں کے تہوار دیوالی کے باعث اس ہفتے فیکٹری بند تھی۔

بھارت گزشتہ چند برسوں میں ایپل کے لیے آئی فونز کی تیاری کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔ کمپنی نے چین پر انحصار کم کرنے کے لیے بھارت میں اپنی پیداواری سرگرمیاں بڑھائی ہیں، جہاں اب دنیا کے تقریباً 25 فیصد آئی فونز تیار کیے جاتے ہیں۔

بھارت میں آئی فونز کی تیاری کا بڑا حصہ ٹاٹا گروپ اور تائیوان کی کمپنی فاکس کون کے پاس ہے۔ ٹاٹا الیکٹرانکس بھارت میں آئی فونز کی مجموعی پیداوار اور اسمبلنگ کا تقریباً 40 فیصد حصہ سنبھالتی ہے، جبکہ باقی کام فاکس کون کرتی ہے۔

تاہم ٹاٹا کے آئی فونز سے متعلق کاروبار کو حالیہ عرصے میں کئی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ستمبر 2024 میں کمپنی کے ایک ایسے ہی کارخانے میں آگ لگنے سے پرزوں کی پیداوار رک گئی تھی۔ اس کے علاوہ رواں سال حکام نے زیر زمین پانی آلودہ ہونے کے خدشات پر فیکٹری بند کرنے کی وارننگ بھی دی تھی، تاہم بعد میں یہ معاملہ ختم کردیا گیا۔

اس کے علاوہ اسی صنعتی کمپلیکس میں واقع ٹاٹا کے ایک دوسرے آئی فون پلانٹ پر سائبر حملہ بھی ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کمپنی کی اہم دستاویزات اور ایپل کے اس وقت تک متعارف نہ ہونے والے آئی فون 18 پرو سے متعلق معلومات افشا ہوگئی تھیں۔

تازہ واقعے کے بعد ٹاٹا اور ایپل کی جانب سے تحقیقات کی جائیں گی تاکہ مزدوروں کی ہلاکت کی وجوہات اور فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles