برطانوی کامیڈین، اداکار اور سابق ٹی وی میزبان رسل برینڈ کو ریپ اور جنسی زیادتی کے جرائم میں ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ہالی وڈ کی فلموں اور اپنے منفرد انداز سے شہرت حاصل کرنے والے رسل برینڈ کے خلاف عدالت نے چار خواتین کے ساتھ جنسی جرائم ثابت کیے ہیں۔ اب ان کی سابق ساتھی جمائما گولڈ اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی رسل برینڈ کے ہاتھوں تشدد اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جمائما کے مطابق 2014 میں ایک پرتشدد واقعے کے دوران انہیں رسل برینڈ کو اپنے گھر سے نکلوانے کے لیے پولیس بلانا پڑی تھی۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مطابق جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ہمیشہ سے رسل برینڈ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی رہی ہیں۔ انہوں نے ان خواتین کی ہمت کو سراہا جنہوں نے عدالت میں اپنے ساتھ ہونے والے واقعات بیان کیے اور انصاف کے حصول کے لیے گواہیاں دیں۔
جمائما کے مطابق انہیں اپنے اور رسل برینڈ کے تعلق کے دوران تشدد، دباؤ کے ذریعے قابو میں رکھنے کی کوششوں اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 میں ایک پرتشدد واقعے کے بعد انہیں پولیس بلانا پڑی تاکہ رسل برینڈ کو ان کے گھر سے نکالا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس وقت قانونی کارروائی نہ کرنے اور واقعے کو منظر عام پر نہ لانے کا فیصلہ کیا، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ میڈیا کی توجہ سے ان کے نوعمر بچوں پر منفی اثر پڑے گا۔ جمائما نے واضح کیا کہ 2014 کے بعد سے ان کا رسل برینڈ سے کوئی رابطہ نہیں رہا۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا جب ایک مساج تھراپسٹ کے خلاف ہراسانی سے تحفظ کے لیے عدالتی حکم حاصل کرنے پر انہیں تنقید کا سامنا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس خاتون نے ان کے اور خاندان کے خلاف دھمکی آمیز اور یہود مخالف پیغامات بھیجے تھے، جس کے بعد انہوں نے ہراسانی روکنے کے لیے عدالتی حکم حاصل کیا۔
جمائما نے وضاحت کی کہ اس اقدام کا مقصد صرف اپنے خاندان کو ہراسانی سے محفوظ رکھنا تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ رسل برینڈ کے خلاف الزامات سامنے لانے والے صحافیوں کی مدد کرتی رہی ہیں اور ضرورت پڑنے پر عدالت میں اس کے بدسلوکی پر مبنی رویے کے خلاف گواہی دینے کے لیے بھی تیار تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ پیش آنے والی تکلیف ان خواتین کے تجربات کے مقابلے میں کچھ نہیں جنہوں نے عدالت میں اپنے ساتھ ہونے والے واقعات بیان کیے، تاہم یہ ان کی زندگی کا ایک مشکل دور تھا جس کے اثرات اب بھی موجود ہیں۔
عدالت نے رسل برینڈ کو 2004 سے 2009 کے درمیان چار خواتین کے ساتھ جنسی جرائم کا مرتکب قرار دیا ہے۔ ان میں ایک 21 سالہ خاتون کا ریپ اور تین دیگر خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات شامل ہیں۔
مقدمے کے دوران متاثرہ خواتین نے بتایا کہ ان واقعات نے ان کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ ایک خاتون نے کہا کہ رسل برینڈ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد وہ دو دہائیوں سے شرمندگی اور ذہنی تکلیف کا بوجھ اٹھا رہی ہیں۔
2009 میں ریپ کا نشانہ بننے والی ایک دوسری خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ رسل برینڈ کی شہرت، دولت اور اثر و رسوخ کے باعث انہیں لگتا تھا کہ اگر وہ شکایت کریں گی تو ان کی بات پر یقین نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس واقعے کا صدمہ آج بھی ختم نہیں ہوا۔
رسل برینڈ نے اپنے خلاف تمام الزامات مسترد کیے اور عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اس نے کبھی کسی خاتون کے ساتھ اس کی رضامندی کے بغیر جنسی تعلق قائم نہیں کیا۔
51 سالہ رسل برینڈ برطانیہ کا معروف کامیڈین، اداکار اور ٹی وی میزبان ہے۔ اس نے اسٹینڈ اپ کامیڈی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد میں ٹی وی پروگراموں کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ وہ اپنے منفرد انداز گفتگو، غیر معمولی حلیے اور بے باک مزاح کے لیے پہچانا جاتا تھا۔

رسل برینڈ نے ہالی وڈ کی کئی فلموں میں بھی کام کیا، جن میں ’فورگیٹنگ سارہ مارشل‘، ’گیٹ ہِم ٹو دی گریک‘ اور ’آرتھر‘ شامل ہیں۔ اس کی شادی امریکی گلوکارہ کیٹی پیری سے بھی ہوئی تھی، تاہم دونوں کی شادی زیادہ عرصہ برقرار نہیں رہی۔
لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ نے 9 نومبر کو رسل برینڈ کو ریپ کے ایک اور جنسی زیادتی کے تین الزامات میں مجموعی طور پر 10 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
جج جوئل بیناتھن نے سزا سناتے ہوئے کہا کہ رسل برینڈ اپنی شہرت کی وجہ سے خود کو عام اخلاقی اصولوں سے بالاتر سمجھتا تھا اور اسے خواتین کے انکار کے حق کا احترام نہیں تھا۔
جج نے واضح کیا کہ خواتین کیا پہنتی ہیں، کہاں جاتی ہیں، کیا کرتی ہیں، اس سے ان کا اپنی مرضی کے خلاف جنسی عمل سے انکار کرنے کا حق ختم نہیں ہوتا۔
عدالت کے مطابق رسل برینڈ اپنی سزا کا دو تہائی حصہ جیل میں گزارے گا، جس کے بعد اسے مخصوص شرائط کے تحت رہا کیا جا سکے گا۔
دوسری جانب برطانوی پولیس نے رسل برینڈ کے خلاف دو مزید مبینہ ریپ کے واقعات کی تحقیقات جاری ہونے کی تصدیق کی ہے، جن میں سے ایک واقعے میں متاثرہ لڑکی کی عمر اس وقت 16 سال تھی۔ ان معاملات میں مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔