ایران کا خطرہ: امریکا نے ایک اور برطانوی فوجی اڈے سے اپنے طیارے واپس بُلا لیے

امریکی فوج نے ایران کے خطرے کے پیشِ نظر برطانیہ کے دوسرے فوجی اڈے سے بھی اپنے طیارے منتقل کردیے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے پیر کے روز برطانیہ میں واقع ایک فضائی اڈے سے اپنے طیارے خالی کرالیے ہیں۔

اخبار نے اس معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا کہ طیاروں کی منتقلی ایران کی جانب سے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق یہ برطانیہ میں دوسرا فوجی اڈہ ہے جہاں سے امریکی فوج نے ایران کے خطرے کے باعث اپنے طیارے منتقل کیے ہیں۔

تاہم رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ طیاروں کی تعداد کتنی تھی، انہیں کہاں منتقل کیا گیا اور ایران کی جانب سے کس نوعیت کا خطرہ درپیش تھا۔

امریکی حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں بھی برطانیہ کے فیئر فورڈ فوجی اڈے پر ممکنہ دہشت گرد حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکا نے وہاں تعینات اپنا ’بی ون بمبار‘ طیارہ واپس بلا لیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز میں بتایا گیا تھا کہ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے تصدیق کی تھی کہ فیئر فورڈ ایئربیس پر موجود امریکی بی ون بمبار طیارہ اپنے ہوم بیسز پر واپس پہنچ چکا ہے۔

اس کے علاوہ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایوی ایشن پر نظر رکھنے والے ادارے ’ملٹری ایئر ٹریکنگ الائنس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ فیئر فورڈ اڈے سے بی 1 بمبار طیاروں کے علاوہ بی 52 بمبار طیاروں کو بھی امریکا منتقل کیا گیا تھا۔

امریکی فضائیہ کا کہنا تھا کہ بی ون طیارہ اور بی 52 بمبار طیارہ عالمی سطح پر طویل فاصلے تک درست اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کی واپسی کے باوجود امریکی بمبار فورس عالمی سطح پر کارروائی کے لیے تیار ہے۔

یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا تھا کہ جب برطانوی حکام نے فیئر فورڈ ایئربیس کے قریب مشتبہ سرگرمی کے بعد 5 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کو تین مشتبہ گاڑیوں کی ایئربیس کی جانب نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی تھی اور پانچ برطانوی شہریوں کو دھماکا خیز مواد اور دہشت گردی سے متعلق الزامات کے شبہے میں حراست میں لیا گیا۔ بعد ازاں انہیں پولیس ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

برطانوی حکام نے ایران کے ممکنہ کردار سے متعلق خدشات کا اظہار کیا تھا، تاہم ایران نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles