ایل پی جی ایسوسی ایشن کا 16 نومبر کو ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان، من مانی قیمتوں پر فروخت جاری

پاکستان ایل پی جی مارکیٹ ایسوسی ایشن نے 16 نومبر کو ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ واپس لینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کے ہمراہ کی گئی ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔
ہڑتال واپس لینے کا اعلان گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے نمائندے حیدر علی نے بتایا کہ انہوں نے گورنر سندھ سے وفاقی حکومت اور ایل پی جی سیکٹر کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

گورنر ہاؤس کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت سے رابطوں کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر بے چینی پائی جاتی ہے، جس کے اثرات سب سے زیادہ توانائی کے شعبے پر مرتب ہوئے ہیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ایل پی جی کے کاروبار سے وابستہ افراد اس وقت شدید بحران اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں پر حکومتی کنٹرول نہ ہونے کے باعث صارفین کو بھاری قیمتیں ادا کرنا پڑ رہی ہیں۔ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے 73 پیسے فی کلو مقرر ہے، لیکن مختلف شہروں میں یہ 500 سے 700 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔

قیمتوں کے حوالے سے دستیاب تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایل پی جی 500 سے 530 روپے، پشاور میں 550 سے 650 روپے، جبکہ شمالی اور بالائی علاقوں میں 700 روپے فی کلو یا اس سے بھی زائد قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔

سرکاری نرخوں اور مارکیٹ میں رائج قیمتوں کے درمیان بڑے فرق پر شہریوں اور صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی مقررہ قیمتوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور زائد نرخوں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles