امریکا میں قید وینزویلا کے صدر مادورو قرآن اور بائبل کا مطالعہ کرنے لگے

وینزویلا کے سابق صدر نیکولس مادورو امریکی جیل میں مقدمے کے انتظار کے دوران مذہبی اور فلسفیانہ کتابوں کا مطالعہ کر رہے ہیں، جن میں قرآن پاک اور بائبل بھی شامل ہیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق جیل میں قیام کے دوران مادورو کا وزن بھی کم ہوگیا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ وینزویلا کے سابق صدر نیکولس مادورو، جو اس وقت نیویارک کے علاقے بروکلین کے سینٹرل ڈیٹینشن سینٹر میں قید ہیں، اپنے مقدمے کا انتظار کرتے ہوئے زیادہ تر وقت مذہبی اور فلسفیانہ کتابوں کے مطالعے میں گزار رہے ہیں۔

اخبار کے مطابق مادورو کی حراست کے حالات سے واقف 6 افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سابق صدر نے جیل میں تعینات متعدد مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں ایک عیسائی پادری اور ایک یہودی حاخام بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قرآن پاک اور بائبل ان اہم کتابوں میں شامل ہیں جن کا مادورو جیل میں مطالعہ کر رہے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق 63 سالہ نیکولس مادورو کے وزن میں بھی کمی آئی ہے، جس کی ایک وجہ جیل میں فراہم کیا جانے والا ناقص کھانا بتایا گیا ہے۔ اخبار نے ان کی جسمانی حالت میں ہونے والی نمایاں تبدیلیوں میں وزن کی کمی کو بھی شامل کیا ہے۔

دوسری جانب مادورو کو امریکا میں ہزاروں ٹن کوکین اسمگل کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں وینزویلا کی سیاسی صورتِ حال میں آنے والی تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی افواج کے ہاتھوں مادورو کی برطرفی اور گرفتاری کے ایک سال سے بھی کم عرصے میں وینزویلا میں بڑے پیمانے پر سیاسی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا، جو پہلے واشنگٹن کی مخالفت کرتا تھا، اب امریکا کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جہاں امریکی اثر و رسوخ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے اس نئی صورتِ حال کو وینزویلا کے امریکی اثر و رسوخ کے تحت آنے والی ریاست بننے کے قریب قرار دیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles