
پنجاب کے شہر ملتان میں غیرت کے نام پر ماں اور 2 بہنوں کو پیٹرول چھڑک کر زندہ جلانے والا سفاک ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے۔ سی سی ڈی ذرائع نے ملزم کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ذرائع کے مطابق ملتان کے علاقے کہروڑپکا میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت امان عباسی کے نام سے ہوئی ہے، جس پر 28 اکتوبر کو ملتان میں اپنی والدہ اور دو بہنوں کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا الزام تھا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم ملزم کو مزید تفتیش، ریکوری اور جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے کہروڑپکا لے جا رہی تھی کہ راستے میں پہلے سے موجود ملزم کے مسلح ساتھیوں نے اسے چھڑانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ملزم امان عباسی اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہوگیا جب کہ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس نے ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی ہے جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
واقعے کا پس منظر
واضح رہے کہ 28 اکتوبر کو ملتان کے علاقے ڈی ایچ اے میں ایک گھر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ایک خاتون اور ان کی دو بیٹیاں جاں بحق ہوگئی تھیں۔ ابتدائی طور پر واقعے کو گھر میں آگ لگنے کا حادثہ سمجھا جا رہا تھا تاہم پولیس تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ تینوں خواتین کو قتل کرکے واردات کو آتشزدگی کا رنگ دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کا بیٹا امان عباسی ہی اپنی والدہ اور دونوں بہنوں کے قتل میں ملوث نکلا۔ ملزم نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر پہلے تینوں خواتین کے سروں پر لکڑی سے وار کرکے انہیں بے ہوش کیا، جس کے بعد ان پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تاکہ قتل کو حادثہ ظاہر کیا جاسکے۔
پولیس نے تحقیقات کے دوران اس پٹرول پمپ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی تھی جہاں سے ملزم نے واردات کے لیے پٹرول خریدا تھا۔
تھانہ ڈی ایچ اے پولیس نے واقعے کا معمہ حل ہونے کے بعد اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا اور امان عباسی کو گرفتار کرلیا تھا۔ پولیس اور تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اپنی والدہ اور دونوں بہنوں کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔
بعد ازاں پولیس ملزم کو ریکوری اور مزید تفتیش کے لیے لے جا رہی تھی کہ کہروڑپکا میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ملزم ہلاک ہوگیا۔