
پنجاب کے ضلع پاکپتن میں دیپالپور روڈ پر مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 33 شدید زخمی ہوگئے ہیں جب کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال پاکپتن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
جمعرات کو پاکپتن میں دیپالپور روڈ پر ملتان سے قصور جانے والی مسافر بس 10 ویلر ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ 11 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ 33 مسافر زخمی بھی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال پاکپتن منتقل کیا کردیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پیرا فورس اور پیٹرولنگ پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں، حادثے کے بعد ڈسٹرکٹ اسپتال پاکپتن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے جب کہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکپتن کے قریب پیش آنے والے بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز نے زخمی مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ ان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن بھی اسپتال پہنچ گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے افسوس ناک حادثے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔