سعودی دارالحکومت ریاض پر حوثیوں کا ایک اور میزائل حملہ ناکام

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر حوثیوں کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔

سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے جمعرات کو بتایا کہ یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے دونوں بیلسٹک میزائلوں کو سعودی فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے روک کر تباہ کردیا۔

اس سے قبل سعودی محکمہ شہری دفاع نے نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے دارالحکومت ریاض، وسطی علاقے الخرج اور جنوبی شہر نجران میں ہنگامی انتباہ جاری کیا تھا۔ تاہم چند منٹ بعد شہری دفاع نے خطرہ ٹلنے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے اور غیر ضروری اجتماع یا واقعات کی ویڈیو بنانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔

سعودی عرب کو پڑوسی ملک یمن میں جاری تنازع کے دوران حوثیوں کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2015ء سے یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت میں فوجی اتحاد کی قیادت کر رکھی ہے، جبکہ حوثی گروپ 2014ء سے دارالحکومت صنعا سمیت یمن کے متعدد صوبوں پر کنٹرول رکھتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles