حکومت نے پیٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا کردیا، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے اگلے ایک روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے سے زائد کی کمی کردی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا ہے۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 28 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 19 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 379 روپے 25 پیسے سے کم ہو کر 376 روپے 06 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 25 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 82 پیسے بڑھ کر 398 روپے 07 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے سے اگلے ایک دن 28 اکتوبر 2026 تک کے لیے ہوگیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 30 مرتبہ کمی اور 38 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 26 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 42 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز 26 اکتوبر کو پیٹرول 1 روپے 54 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 16 پیسے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 379 روپے 25 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز 16 اکتوبر کو حکومت نے اگلے 3 دن کے لیے 17 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا تھا اور پیٹرول کی قیمت 377 روپے 71 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 91 پیسے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 393 روپے 66 پیسے فی لیٹر برقرار ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles