
پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ پاک فوج نے افغان فورسز کی کارروائی کا فوری اور بھرپور جواب دیتے ہوئے متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے جنوبی وزیرستان کے انگور اڈہ میں افغان طالبان نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
اس دوران ایک گولا رہائشی مکان پر گرا جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان فورسز کی کارروائی کا فوری اور مؤثر جواب دیا، پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہری آبادی پر حملے کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائی جاری ہے، پاک افغان سرحد پر تعینات پاک فوج کے جوان کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے اور اسے ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر فعال ہیں۔