
انگلینڈ کے معروف امپائر رچرڈ کیٹل برو نے ٹیسٹ کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے، وہ 100 ٹیسٹ میچز میں آن فیلڈ امپائرنگ کرنے والے دنیا کے پانچویں امپائر بن گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس کامیابی پر رچرڈ کیٹل برو مبارکباد دی ہے۔ رچرڈ کیٹل برو نے جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران یہ اعزاز حاصل کیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز پاکستان کے سابق امپائر علیم ڈار کے پاس ہے، جنہوں نے 145 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی۔ اس فہرست میں اسٹیو بکنر 128، روڈی کرٹزن 108 اور راڈ ٹکر 102 ٹیسٹ میچز کے ساتھ شامل ہیں۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے رچرڈ کیٹل برو کی کامیابی کو شاندار کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مستقل مزاجی، پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور کرکٹ کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں۔
رچرڈ کیٹل برو نے 2009 میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 میچ سے بین الاقوامی امپائرنگ کا آغاز کیا تھا جب کہ نومبر 2010 میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان گال ٹیسٹ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ امپائرنگ کے فرائض انجام دیے، وہ اب تک 114 ون ڈے اور 46 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بھی امپائرنگ کرچکے ہیں۔
رچرڈ کیٹل برو نے 2011، 2015، 2019 اور 2023 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی امپائرنگ کی جب کہ 2015 اور 2023 کے ورلڈ کپ فائنلز میں بھی آن فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیے۔
اس کے علاوہ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سمیت آئی سی سی کے متعدد عالمی مقابلوں میں بھی امپائرنگ کرچکے ہیں۔