ایران کے نئے میزائل لاس اینجلس اور سان ڈیاگو تک پہنچ سکتے ہیں: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ایسے میزائل تیار کرلیے ہیں جو یورپ کے علاوہ امریکا کے بڑے شہروں لاس اینجلس اور سان ڈیاگو کو بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران نے امریکا کے خلاف جنگ کا آغاز کیا۔

ریاست مسیسیپی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے میزائلوں کی صلاحیت اب یورپ تک پہنچ چکی ہے اور یہ امریکی شہروں کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس فوجی کارروائی کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا اور یہ قدم بہت پہلے اٹھایا جانا چاہیے تھا۔

ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ کے معاشی اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ فوجی کارروائی کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اس سے کہیں زیادہ اضافہ ہوگا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ایران سے لاحق خطرات کے پیش نظر کارروائی ضروری تھی، چاہے اس کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں پر دباؤ ہی کیوں نہ پڑے۔

امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی پر بھی تنقید کی اور اسے وقت کا ضیاع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے جنگ بندی کرکے اچھا بننے کی کوشش کی، لیکن انہیں یہ انتظام کبھی زیادہ پسند نہیں آیا۔

ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران کے خلاف مزید امریکی فوجی کارروائی کے امکانات اور دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کے مستقبل پر غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles