پاکستان میں دوسرے روز بھی سونا سستا، فی تولہ کتنے میں ملے گا؟

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ اور 10 گرام سونے کے نرخ نیچے آ گئے ہیں۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں بدھ کے روز بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں دیکھنے میں آئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 900 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں نئی قیمت 4 لاکھ 34 ہزار 536 روپے فی تولہ کی سطح پر آگئی۔

اسی طرح  مقامی سطح پر 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 772 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 72 ہزار 544 روپے کا ہوگیا۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 9 ڈالر فی اونس کی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4 ہزار 120 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔

دوسری جانب سونے کی قیمتوں کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 27 روپے کی کمی سے 6 ہزار 207 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 23 روپے کی کمی سے  5 ہزار 321 روپے کی سطح پر آگئی جب کہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 57.29 ڈالر پر آگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 600 اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 086 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 35 ہزار 436 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 316 روپے ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔

عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔

پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles