خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا ڈرافٹ تیار، گورنر کو ارسال


خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور سیکیورٹی چیلنج الاؤنس کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا جب کہ پولیس تنخواہوں میں اضافے کا ڈرافٹ گورنر فیصل کریم کنڈی کو ارسال کردیا گیا ہے۔
ڈرافٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی اضلاع، ڈی آئی خان، بنوں اور کوہاٹ ریجن سمیت تمام ضم شدہ اضلاع کے پولیس اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد سیکیورٹی چیلنج الاؤنس دیا جائے جب کہ ڈرافٹ میں دیگر آباد اضلاع کے پولیس اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کا 100 فیصد اور ہزارہ ریجن کے پولیس اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کا 75 فیصد سکیورٹی چیلنج الاؤنس تجویز کیا گیا ہے۔

ڈرافٹ میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ 3 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف  برسرِپیکار ہے، پولیس کی قربانیوں کے باوجود تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں، خیبر پختونخوا پولیس کے سازوسامان اور آلات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈرافٹ کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس سے ماہانہ 5 ارب 15 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کے اضافی اخراجات ہوں گے۔ خیبر پختونخوا پولیس نے جدید اسلحے اور آلات کی خریداری کے لیے 13 ارب 87 کروڑ روپے سے زائد مانگ لیے ہیں، بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس، ڈرونز اور بکتر بند گاڑیاں خریدنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

پولیس کے 19 جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 4 ارب 64 کروڑ روپے جب کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب 22 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے جب کہ تکنیکی اپ گریڈیشن اور اے آئی پی ٹو اسکیموں کے لیے بھی فنڈز مانگے گئے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles