
سہہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میں پاکستان نے سری لنکا 37 رنز سے شکست دی ہے۔
اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم 49.5 اوورز میں 305 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تاہم سری لنکن ٹیم 306 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی بیٹنگ
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے فخر زمان اور صائم ایوب ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور دونوں اوپنرز جلد ہی آؤٹ ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 23 اور دوسری وکٹ 32 رنز پر گری، صائم ایوب 7 اور فخر زمان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں بابر اعظم اور سعد بیگ نے تیسری وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کا اسکور 106 تک پہنچایا تاہم بابر اعظم 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہوتے ہی ٹیم کا اسکور 118 رن تک پہنچا تو پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گرگئی اور پاکستان کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو کرنے والے سعد بیگ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے 97 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور 215 کے مجموعے پر حسن نواز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ چھٹی وکٹ پر سلمان کا ساتھ عرفات منہاس دینے آئے، انہوں نے 18 رنز کی اننگز کھیلی تاہم سلمان کے ساتھ 64 رنز کی پارٹنرشپ کے شراکت دار رہے۔
اس دوران مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی تاہم پہلے عرفات منہاس 279 اور پھر سلمان علی آغا 291 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو قومی بیٹرز اسکور میں زیادہ اضافہ نہ کرسکے۔
اختتامی لمحات میں شاہین شاہ آفریدی نے 13 اور فہیم اشرف نے 6 رنز بنائے جب کہ نسیم شاہ اور حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
یوں پاکستان کی ٹیم مقررہ 50 اوورز پورے نہ کھیل سکی اور 49.5 اوورز میں 305 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور مہمان ٹیم سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا، اب دیکھنا یہ ہے کہ سری لنکن بیٹرز اس ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کا مقابلہ کیسے کرتے ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اسیتھا فرنینڈو نے 3 اور دلشان مدھوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی بیٹنگ
میچ کا ٹاس
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آج سے آغاز ہوگیا ہے، جس کے افتتاحی میچ آج پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
آج کے میچ میں پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ فریش وکٹ ہے، اگر ہم بھی ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ہی کرتے، 300 رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی اس سہ ملکی سیریز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ٹیم کا مقصد سیریز کا آغاز فتح کے ساتھ کرنا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا کے کپتان کشال مینڈس نے کہا کہ ہم نے ٹی 20 کا آخری میچ اچھا کھیلا ہے، یہ فارمیٹ اس سے مختلف ہے، لیکن ہم تیار ہیں، ہم 3 فاسٹ بولر اورایک اسپنر کے ساتھ جا رہے ہیں۔‘‘
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستانی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، بابر اعظم ، فخر زمان، صائم ایوب، سعد بیگ (وکٹ کیپ)، سلمان علی آغا، حارث رؤف، حسن نواز، عرفات منہاس، نسیم شاہ اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
سری لنکا کا اسکواڈ
سری لنکن ٹیم میں کوشل مینڈس (کپتان و وکٹ کیپر)، اویشکا فرنینڈو، کمیندو مینڈس، پون رتناياکے، سہان آراچیگے، جنتھ لیاناگے، داسن شناکا، سچندو کولمباجے، ایشان ملنگا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدھوشنکا شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق لیگ اسپنرز شاداب خان اور سفیان مقیم بیماری کے باعث پہلے میچ سے باہر ہیں، میڈیکل ٹیم دونوں کھلاڑیوں کی نگرانی کر رہی ہے، آئندہ میچز میں شاداب اور سفیان مقیم کی شرکت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اس سہہ ملکی ون ڈے سیریز میں سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی20 سیریز 1-2 سے جیتنے کے بعد میدان میں اترا ہے، قومی ٹیم نے ٹی 20 سیریز کے ابتدائی 2 میچ جیتے تھے جب کہ سری لنکا آخری میچ جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول
سہ فریقی ون ڈے سریز پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جا رہی ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، 20 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہی پاکستان اور انگلینڈ مدمقابل ہوں گے جب کہ 22 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔
اس کے بعد سیریز کے باقی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ لاہور میں ہو گا، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ ہو گا۔
تینوں ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف 2، 2 میچ کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست 2 ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل کھیلیں گی۔