
فٹبال کی دنیا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی دنیا بھر میں اپنے فٹبال کے جادو کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور اگرچہ انہوں نے بین الاقوامی فٹبال سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے لیکن وہ اب بھی کلب فٹبال میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ تاہم اس بار ان کا تذکرہ فٹبال کے میدان کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک بالکل مختلف اور دلچسپ وجہ سے کیا جا رہا ہے جس کا تعلق سائنس کی دنیا سے ہے۔
میسی کو اپنے کیریئر کے دوران کئی اعزازات ملے ہیں جن میں ان کے نام پر اسٹیڈیم اور سڑکیں بنانا شامل ہے لیکن اس بار انہیں ایک ایسا انوکھا اعزاز ملا ہے جس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔ سائنسدانوں نے پیرو کے پہاڑوں میں دریافت ہونے والی پودوں کی ایک نئی قسم کا نام اس ارجنٹائن فٹبالر کے نام پر سلویہ میسی رکھا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق،اس نام کو رکھنے کی ایک خاص وجہ بھی ہے کیونکہ پیرو کے انڈیز پہاڑوں میں پایا جانے والے اس پودے کے پھول خوبصورت ہلکے نیلے اور سفید رنگ کے ہوتے ہیں جو بالکل ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم کی جرسی میں بھی نمایاں ہیں۔
پودوں کی یہ قسم پودینے کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ پودا ڈیڑھ میٹر تک لمبا ہو سکتا ہے اور پیرو کے صرف چند محدود علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ تاہم اس کی موجودگی پیرو کے محدود علاقوں تک ہی بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کے مطابق اس پودے کی تعداد بہت کم رہ گئی ہے اور ماحولیاتی خطرات کی وجہ سے اسے خطرے سے دوچار انواع میں شامل کیا گیا ہے۔ اس تحقیق کو پیرو اور ارجنٹائن کے ماہرین نباتات نے انجام دیا ہے اور اس کی رپورٹ ایک سائنسی جریدے ’فائٹو ٹیکسا‘ میں شائع کی گئی ہے۔
میسی کے لیے جنہوں نے فٹبال کی دنیا میں تقریبا ہر بڑا اعزاز اپنے نام کیا ہے، یہ ان کی شاندار میراث میں ایک اور انوکھا اضافہ ہے۔ اس طرح ان کا نام اب نہ صرف فٹبال کے ریکارڈ کی کتابوں میں زندہ رہے گا بلکہ نباتات کی دنیا میں بھی ہمیشہ کے لیے امر ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ حال ہی میں ارجنٹائن کی ایک یونیورسٹی نے میسی کو ان کے شاندار فٹبال کیریئر اور ارجنٹائن کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی دی ہے جس سے ان کا نام تعلیمی دنیا میں بھی روشن ہو چکا ہے۔