گورنر راج کی دھمکیاں دینے والے سن لیں، تحریک نہیں رکے گی: سہیل آفریدی

پاکستان تحریک انصاف کا حکومت مخالف لانگ مارچ ساتویں روز چارسدہ سے مردان کی جانب روانہ ہوگیا۔ روانگی سے پہلے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 اکتوبر کو ملک بھر سے لوگ صوابی پہنچیں گے، جہاں 13 اکتوبر کو احتجاج کے آئندہ لائحۂ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کا حکومت مخالف لانگ مارچ ساتویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں قافلہ چارسدہ سے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا آج مردان پہنچے گا۔ چارسدہ سے روانگی سے قبل شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ گورنر راج کی دھمکیاں دینے والے سن لیں کہ اب بات کرسی اور اقتدار سے آگے نکل چکی ہے۔

وزیراعلیٰ نے چارسدہ کے عوام کے جذبے اور جنون کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسی جذبے کے ساتھ ظالم نظام کو ختم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے قائد اور پختونوں کی زندگی کے لیے وزارتِ اعلیٰ کی کرسی کیا، جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔ دنیا بھر کی دولت جمع کرلی جائے تو بھی انہیں خریدا نہیں جاسکتا۔

سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ 11 اکتوبر کو ملک بھر سے لوگ صوابی کی طرف روانہ ہوں گے، جب کہ 13 اکتوبر کو صوابی ہی میں احتجاج کے آئندہ لائحۂ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پختونوں کی عزت اور غیرت کو للکارنے سے پہلے ان کی تاریخ پڑھ لینی چاہیے۔ یہ سیاسی جنگ ہے، جسے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن طریقے سے لڑا جائے گا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی پُرامن ہے اور پُرامن رہے گی، تاہم اپنے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ 80 ہزار جانیں دے کر جو امن بحال کیا گیا تھا، اسے بند کمروں میں ہونے والے فیصلوں کی نذر کردیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ذاتی مفادات کے لیے خودساختہ دہشت گردی صوبے پر مسلط کردی گئی ہے اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے ارادے خطرناک ہیں۔

سہیل آفریدی نے کارکنوں اور عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے مقصد پر توجہ رکھیں، ثابت قدم رہیں اور اپنے جذبے کو برقرار رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی، موت، عزت، ذلت اور رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے، اس لیے کسی اور سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی ظلم پر مبنی نظام اور اپنے لوگوں کے خلاف کسی پالیسی کو قبول نہیں کرے گی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق لانگ مارچ گزشتہ رات پشاور سے گزرنے کے بعد چارسدہ پہنچا تھا، جہاں شرکا نے رزڑ گراؤنڈ میں قیام کیا۔ ساتویں روز مارچ کا آغاز اسی مقام سے ہوا۔ قافلہ تنگی، چارسدہ اور سرڈھیری سمیت مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا مردان کی حدود میں داخل ہوگا۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق شرکا آج رات مردان میں قیام کریں گے، جس کے بعد 11 اکتوبر کو صوابی کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس سے قبل مارچ کے شرکا لکی مروت، کرک، کوہاٹ، پشاور، خیبر اور چارسدہ میں قیام کرچکے ہیں۔ سفری دورانیے اور انتظامی وجوہات کی بنا پر مارچ کے شیڈول میں دو مرتبہ تبدیلی بھی کی گئی ہے۔

لانگ مارچ کے منتظمین کے مطابق احتجاج کے مطالبات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت، ان کے مناسب طبی علاج کی فراہمی اور اعلیٰ عدالتوں میں ان کے خلاف مقدمات کی سماعت شروع کرانا شامل ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles