صدر وزیراعظم ملاقات: خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے پر اتفاق


صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل وفاقی کابینہ سے منظوری لینے اور توثیق کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، امن و امان اور خیبر پختونخوا کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے میں ایمرجنسی لگانے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری کے لیے کل وفاقی کابینہ کا اجلاس بلایا جائے گا، جب کہ فیصلے کی توثیق کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس منگل کو بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات 35 منٹ جاری رہی۔
اس دوران وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا کی صورت حال اور امن و امان سے متعلق امور زیر غور آئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو اب تک ہونے والے مذاکراتی عمل سے آگاہ کیا اور مولانا فضل الرحمان سے رابطے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان آج ہی ملاقات ہونے کا امکان ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles