خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی: ایوانِ صدر میں اہم اجلاس جاری


خیبر پختونخوا کی انتظامی اور امن و امان کی صورت حال پر غور کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ شرکت اعلیٰ سطح کا اجلاس ایوان صدر میں جاری ہے۔
اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کی مجموعی صورت حال پر غور کے لیے اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ایوان صدر میں ہو رہا ہے، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر وفاقی وزرا شریک ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، عطا تارڑ، پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان، نوید قمر سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخوا، بالخصوص سابق قبائلی علاقوں کے ضم شدہ اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف آئینی و انتظامی تجاویز پر غور کیا جانا ہے۔ صوبے میں گورنر راج کے امکان پر بھی مشاورت متوقع ہے۔
حکومتی و سیکیورٹی ذرائع کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورت حال، انتظامی چیلنجز اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف آئینی آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ صوبائی انتظامی امور اور سکیورٹی کی صورت حال بہتر بنانے کے امکانات پر غور کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم، صدر مملکت کو اجلاس میں ہونے والے متوقع فیصلوں اور طے پانے والی حکمتِ عملی پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خیبر پختونخوا سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دیےجانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles