
پاکستان میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی حیران کن کمی ریکارڈ کی گئی ہے، فی تولہ 3100 روپے اور 10 گرام سونا 2658 روپے سستا ہوا ہے۔
بدھ کے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی آج سونے اور چاندی کے نرخ کم ہوگئے ہیں۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں آج 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 100 روپے کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 34 ہزار 436 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 658 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 72 ہزار 458 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 31 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 119 ڈالر ہو گئی ہے۔
اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 01 ڈالر کی کمی سے 60 ڈالر 10 سینٹس کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 100 روپے کی کمی سے 6 ہزار 488 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 86 روپے کی کمی سے 5 ہزار 562 روپے کی سطح پر آگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں سونے کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا تھا اور قیمت مستحکم رہی تھی جب کہ اس سے ایک دن قبل 5 اکتوبر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 1200 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 1029 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتیں ڈیمانڈ اور سپلائی کے سادہ اصول پر چلتی ہیں۔ عالمی سطح پر جب سونا بیچنے والے زیادہ ہو جائیں تو قیمتیں گر جاتی ہیں اور جب خریدار بڑھیں تو دوبارہ چڑھ جاتی ہیں۔ پاکستان میں بھی یہی سلسلہ جاری رہتا ہے، جہاں عالمی مارکیٹ کے جھٹکے مقامی صرافہ بازار میں راتوں رات نظر آ جاتے ہیں۔
خریداروں کے لیے یہ کمی ریلیف کا باعث بنی ہے تاہم ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ سونے کی قیمتیں انتہائی اتار چڑھاؤ والی ہیں اور عالمی حالات کے مطابق کسی بھی وقت تبدیل ہو سکتی ہیں۔