شہزادی ڈیانا کی موت سے متعلق بھائی نے اہم انکشافات پر مبنی کتاب لکھنے کا اعلان کردیا
اس کتاب میں چارلس اسپینسر شہزادی ڈیانا کے ساتھ گزارے گئے وقت پر روشنی ڈالیں گے۔
برطانیہ کی آنجہانی شہزادی ڈیانا کے بھائی چارلس اسپینسر نے اپنی بہن کی زندگی اور موت سے متعلق گردش کرنے والی مختلف معلومات پر اپنا مؤقف سامنے لانے کے لیے نئی کتاب لکھنے کا اعلان کردیا۔
چارلس اسپینسر کے مطابق شہزادی ڈیانا کی موت کی 30 ویں برسی قریب آنے کے باعث انہیں گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل انٹرویوز کی درخواستیں موصول ہورہی تھیں جس کے بعد انہوں نے اپنی یادوں اور تجربات کو ایک مکمل کتاب کی صورت میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران شہزادی ڈیانا سے متعلق متعدد ایسی باتیں بھی عام ہوئیں جنہیں وقت گزرنے کے ساتھ سچ سمجھ لیا گیا، حالانکہ ان کے مطابق ان میں سے کچھ معلومات درست نہیں۔
چارلس اسپینسر نے بتایا کہ انہوں نے کتاب کا عنوان ’’سوائن سانگ: ڈیانا، میری بہن‘‘ رکھا ہے جس میں وہ شہزادی ڈیانا کے ساتھ گزارے گئے وقت، اپنی ذاتی یادوں اور ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔
کتاب میں شہزادی ڈیانا کی موت کے بعد گزرنے والے المناک ہفتے سے متعلق بھی چارلس اسپینسر کی یادیں شامل ہوں گی جب کہ وہ اپنی بہن کی زندگی کے بارے میں ایسے واقعات بھی بیان کریں گے جو اس سے پہلے عوام کے سامنے تفصیل سے نہیں آئے۔
چارلس اسپینسر کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ وہ اپنی بہن کی زندگی اور موت کے حوالے سے اتنی تفصیل کے ساتھ اپنا ذاتی مؤقف تحریری شکل میں پیش کریں گے۔
کتاب 22 ستمبر کو برطانیہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں شائع کی جائے گی جب کہ اسے 12 مختلف زبانوں میں منتقل کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997 کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک گاڑی کے حادثے میں ہلاک ہوئی تھیں۔