
کراچی سے لاہور جانے والی ہزارہ ایکسپریس کو کراچی کینٹ کے مقام پر حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ٹرین کی چار کوچز اچانک پٹڑی سے اتر گئیں۔ مرکزی ٹریک پر اس حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر اور ریلوے شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ریلوے ٹریکس پر حادثات کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے محض دو روز قبل بھی کراچی سے پنجاب جانے والی کوئلہ بردار مال گاڑی وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی تھی۔
اس حادثے کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریکس شدید متاثر ہوئے تھے، جس سے ملک کے اس اہم ترین ریلوے روٹ پر گاڑیاں مکمل طور پر رک گئی تھیں۔
اُس وقت ریلوے ٹریک کو دوبارہ بحال کرنے میں عملے کو 24 گھنٹے کا طویل وقت لگا تھا اور تب تک پنجاب آنے اور جانے والی تمام ریل گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل رہی تھی۔