سنچورین ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، پوری ٹیم 211 پر ڈھیر

سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، پوری ٹیم پہلی اننگز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ڈین پیٹرسن نے 5 اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کوربن بوسک نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ سینچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلا جارہا ہے، جو باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ ہے، جس میں پروٹیز کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قومی ٹیم کی جانب سے کامران غلام نے 54 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا اور کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے اوپننگ کا آغاز صائم ایوب اور کپتان شان مسعود نے کیا، 36 کے مجموعی اسکور پر کپتان شان مسعود کی وکٹ گری جس کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔

ون ڈے اور ٹی 20 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بیٹر صائم ایوب 14 اور کپتان شان مسعود 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے، اس کے بعد کم بیک کرنے والے بابر اعظم بھی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، نائب کپتان سعود شکیل بھی کریز پر زیادہ دیر قیام نہ کرسکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔

18 ویں اوور میں 56 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد کامران غلام اور محمد رضوان نے اننگز کو آگے بڑھایا، کامران غلام نے نصف سینچری اسکور کی، وہ 54 اور محمد رضوان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد وقفے وفقے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم چائے کے وقفے کے بعد پہلی اننگز میں صرف 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جنوبی افریقا کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5 اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کوربن بوسک نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

قبل ازیں قومی ٹیم نے سینچورین کی وکٹ کو دیکھتے ہوئے 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا، انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میں ڈراپ ہونے والے بابر اعظم کی بھی واپسی ہوئی ہے جبکہ ون ڈے سیریز میں مسلسل ناکام رہنے والے عبداللہ شفیق بھی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔

اس کے علاوہ فاسٹ باؤلر محمد عباس نے بھی قومی ٹیم میں تین سال بعد کم بیک کیا ہے، پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور شان مسعود اوپن کریں گے جبکہ بابر اعظم نمبر تین اور کامران غلام چوتھے نمبر پر بلے بازی کے لیے آئیں گے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ایڈن مارکرم اور مہمان ٹیم کی جانب سے سلمان علی آغا اسپن بولنگ کروائیں گے جبکہ جنوبی افریقا کی طرف سے کوربن بوش نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں رسائی کے لیے جنوبی افریقا کے لیے ایک ٹیسٹ جیتنا ضروری ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں

پاکستان ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کی ٹیم میں ٹیمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرم، ٹونی زی زورزی، ریان رکلٹن، ٹرسٹن اسٹبز، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویریننے (وکٹ کیپر)، مارکو جانسن، کگیسو ربادا، دین پیٹرسن، کوربن بوش شامل ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles