لاپتہ پاکستانی کارگو طیارے کا ملبہ مل گیا، عملہ تاحال لاپتہ


شارجہ سے کراچی آنے والا ’کے ٹو ائیرویز‘ کا ایک مال بردار یعنی کارگو طیارہ کراچی کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں عملے کے تمام 5 افراد لاپتہ ہیں۔ دوسری جانب پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد لاپتہ طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے 53 نوٹیکل میل جنوب میں تلاش کرلیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بوئنگ 737 طیارہ شارجہ سے سامان لے کر کراچی کی طرف آ رہا تھا اور رات کے وقت اس کا رابطہ اچانک منقطع ہو گیا۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کے عملے کے تمام پانچوں ارکان پاکستانی شہری تھے۔
ایوی ایشن حکام نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ رات 9 بج کر 18 منٹ پر کے ٹو ائیرویز کی پرواز نے اپنے راستے پر سفر کے دوران نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی، جس پر کراچی کے کنٹرول ٹاور نے فوری طور پر پائلٹ کی رہنمائی شروع کی تھی۔
لیکن اس کے ٹھیک 3 منٹ بعد یعنی رات 9 بج کر 21 منٹ پر، جہاز اچانک ریڈار پر بہت تیزی سے نیچے کی طرف گرتا ہوا دکھائی دیا اور اس کا رخ بھی تیزی سے بدلا، اس کے فوراً بعد کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل دور مغرب کی طرف سمندر کے اوپر طیارے کا ریڈار سے رابطہ پوری طرح ٹوٹ گیا۔

طیارے کے لاپتہ ہونے کے فوراً بعد پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی(پی اے اے) کی جانب سے ہنگامی امدادی مرکز کو متحرک کیا گیا اور مختلف اداروں کی مدد سے سمندر میں ایک بڑا سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ طیارہ اورماڑا کے قریب سمندر کے اوپر پرواز کر رہا تھا جب یہ لاپتا ہوا۔

سول ایوی ایشن نے لاپتہ ہونے والے تمام پانچوں پاکستانیوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ حکام کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں جہاز کے کپتان محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل جتوئی، فلائٹ انجینئرز محمد حامد اور محمد عارف صدیقی، اور لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان شامل ہیں۔
پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا آپریشن
دوسری جانب پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے سمندر میں لاپتہ ہونے والے کارگو طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حکام کے مطابق 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران لاپتہ کارگو طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے 53 نوٹیکل میل جنوب میں تلاش کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملبہ ملنے کے بعد مزید شواہد اکٹھے کرنے اور طیارے کے عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
سرچ آپریشن میں پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بحری اور فضائی اثاثے حصہ لے رہے ہیں جب کہ لاپتہ عملے کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles