
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری آل راؤنڈر وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر اپنی موت سے متعلق گردش کرنے والی جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا اور مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا سوشل میڈیا پر اپنی موت سے متعلق پھیلائی گئی افواہوں اور جعلی ویڈیو پر مؤقف سامنے آگیا ہے۔
وسیم اکرم کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ پوسٹس میں ان کے انتقال کی افواہ اڑائی گئی اور اس میں شعیب اختر اور دیگر کرکٹرز کی تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر فیک نیوز زیرِ گردش ہے، جس کے بعد لوگ مستقل ان سے رابطہ کرکے خیریت دریافت کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اے آئی سے بنائی گئی ویڈیوز کا تو ایک سکینڈ میں پتہ چل جاتا ہے لیکن ایسے لوگوں کو 21 توپوں کی سلامی، جو مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا آپ زندہ ہیں؟‘
اپنے ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم نے کہا کہ میری موت کی افواہ اڑانے کے لیے جعلی ویڈیو میں جس طرح شعیب اختر اور شاہد آفریدی سمیت بڑے بڑے ناموں کا استعمال کیا گیا ہے، اس کے لیے انہیں کافی محنت کرنا پڑی ہوگی۔
انہوں نے اس عمل پر تنقید کرے ہوئے کہا کہ یہی لوگ اگر اپنی صلاحیتوں کو کسی نیک مقصد کے لیے استعمال کریں تو زندگی میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر نے اپنے مداحوں اور خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور خیریت دریافت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔