ایران نے روس سے 20 ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ کرلیا

ایرانی انجمن ہلال احمر اور روسی کمپنی کے درمیان 20 ہیلی کاپٹرز کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ جس کا مقصد ملک کی فضائی امدادی اور لاجسٹک صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہے، یہ معاہدہ ماسکو میں دونوں فریقین کے درمیان طے پایا۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ معاہدہ بدھ کے روز روسی کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں ایرانی انجمن ہلال احمر کے صدر پیر حسین کولیوند اور روسی ہیلی کاپٹرز کے ڈائریکٹر جنرل نکولائے کولیسوف کے درمیان طے پایا۔

ایرانی نیوز ایجنسی ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے پیرو حسین کولیوند نے اس معاہدے کو ریڈ کریسنٹ کی تاریخ میں ایک ”غیر معمولی“ پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت روس سے براہ راست 20 جدید ہیلی کاپٹرز خریدے جائیں گے تاکہ ایران کی فضائی امدادی اور لاجسٹک صلاحیت کو مضبوط بنایا جا سکے۔

ان کے مطابق چار ہیلی کاپٹرز کے لیے حتمی معاہدہ پہلے ہی طے پا چکا ہے اور ان کی ترسیل مارچ 2027 تک ایرانی نئے سال (نوروز) سے قبل متوقع ہے۔

پیرو حسین کولیوند نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹرز جدید ٹیکنالوجی اور نائٹ وژن سسٹمز سے لیس ہوں گے، جس کے باعث انہیں رات کے وقت بھی آپریشنز کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان طیاروں میں فائر فائٹنگ، میڈیکل ایمرجنسی اور ریسکیو آپریشنز کی سہولیات بھی موجود ہوں گی، جس سے ہنگامی حالات میں فوری ردعمل دینے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ اقدام ملک کے دور دراز اور قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق روس اور ایران مختلف شعبوں بشمول توانائی، دفاع اور ٹرانسپورٹ میں پہلے ہی قریبی تعاون رکھتے ہیں اور دونوں ممالک مغربی پابندیوں کے تناظر میں تعلقات مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اپنے انفراسٹرکچر اور ایمرجنسی ریسپانس نظام کی بحالی پر کام کر رہا ہے۔

دوسری جانب رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ جنگ کے خاتمے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں جبکہ اس معاہدے کی باضابطہ تقریب جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں متوقع ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles